سی پیک قومی منصوبہ، دنیاکی کوئی طاقت نہیں روک سکتی : عاصم باجوہ

سی پیک قومی منصوبہ، دنیاکی کوئی طاقت نہیں روک سکتی : عاصم باجوہ

چین کے ساتھ ہمارے آزمودہ تعلقات ،باہمی تجارت بڑھانے کیلئے پرعزم ہیں، سی پیک منصوبے ہر صورت مکمل ہونگے ، سکھر حیدر آباد موٹروے منصوبے پر جلد کام شروع ہوگا، انڈسٹریلائزیشن میں گوادرفری زون ہوگا،تقریب سے خطاب

اسلام آباد (خصوصی وقائع نگار)سی پیک اتھارٹی کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ نے کہا کہ سی پیک ہمارا قومی منصوبہ ہے ، اس منصوبے کودنیاکی کوئی طاقت روک نہیں سکتی۔چین کے ساتھ ہمارے آزمودہ تعلقات ہیں، چین کے تعاون سے ترقی کے بڑے منصوبے جاری ہیں، شاہراہوں کی تعمیر اور باہمی تجارت بڑھانے کیلئے پرعزم ہیں، سی پیک منصوبے ہر صورت میں مکمل ہوں گے ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ سکھر حیدر آباد موٹروے منصوبے پر جلد کام شروع ہو رہا ہے ۔ پشاور سے کراچی تک موٹروے کی تعمیر مکمل ہو جائے گی۔ بلوچستان میں شاہراہوں کا جال بچھا رہے ہیں۔ سی پیک کا مغربی روٹ مکمل ہونے سے علاقائی روابط بڑھیں گے اور ترقی کا عمل تیز ہو گا۔ رشکئی اور فیصل آباد میں اکنامک زونز پر کام جاری ہے ۔ گوادر میں ترقیاتی منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے ، کراچی میں ٹریفک کے رش کی وجہ سے سرمایہ کار گوادر کو ترجیح دے رہے ہیں۔ چین بعض نئے منصوبوں میں دلچسپی رکھتا ہے جبکہ کینیڈین،جرمن اورچینی سرمایہ کار پاکستان آرہے ہیں، یہ تینوں ممالک طبی آلات کی صنعت میں سرمایہ کاری کرنا چاہتے ہیں۔ عاصم سلیم باجوہ کا کہنا تھا کہ انڈسٹریلائزیشن میں گوادرفری زون ہوگا۔ ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے عاصم سلیم باجوہ نے کہا کہ سی پیک کے ثمرات سمیٹنے کا وقت آ رہا ہے ، بہت سارے پراجیکٹس اسی سال مکمل ہو جائیں گے ۔ تمام چیزیں مثبت سمت میں جا رہی ہیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں