بجلی سبسڈی 100یونٹ تک محدود،ای سی سی آج غور کریگی

بجلی سبسڈی 100یونٹ تک محدود،ای سی سی آج غور کریگی

دیگر کیٹیگری کے صارفین کیلئے نرخوں پر نظرثانی بھی 18نکاتی ایجنڈے میں شامل

اسلام آباد(خبرنگارخصوصی)وزیر خزانہ شوکت ترین نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس آج بدھ کو طلب کرلیا جس میں بجلی کی سبسڈی مرحلہ وار 300 سے کم کرکے 100 یونٹ تک محدود کرنے اور بقیہ کیٹیگری کے صارفین کیلئے نرخوں پر نظرثانی کرنے پر غور کیا جائے گا۔ اجلاس میں 18 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا جائیگا۔ کے الیکٹرک کو این ٹی ڈی سی سے اضافی بجلی کی فراہمی کی منظوری دی جائے گی۔ آف شور سپلائی کنٹریکٹرز کو ہونے والی ادائیگیوں پر ٹیکس کا معاملہ بھی ایجنڈے میں شامل ہے ۔ نومبر 2019 سے جون 2020 تک فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ کے فیصلے پر بھی غور ہوگا۔ اس کے علاوہ وزیراعظم کامیاب جوان انٹر پرینیورشپ سکیم کا جائزہ بھی لیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ کی بلڈنگ کی تعمیر کیلئے 57 کروڑ روپے کی منظوری کا امکان ہے ۔ ذرائع کے مطابق وزارت دفاع، پٹرولیم ڈویژن و دیگر کیلئے تکنیکی ضمنی گرانٹ کی منظوری کا بھی امکان ہے ۔ فیڈرل ایجوکیشن اینڈ پروفیشنل ٹریننگ کیلئے ایک ارب 56 کروڑ کی منظوری کا امکان ہے ۔ آکسیجن کی تیاری کیلئے صنعت کو بلا تعطل کام کی اجازت دینے پر بھی غور ہوگا۔ ملک میں آکسیجن کی تیاری صرف طبی ضرورت کیلئے استعمال کرنے تک محدود کرنے کی تجویز پر غور ہوگا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں