جنگ بندی کی خلاف ورزی :بھارتی ناظم الامور کو طلبی ،احتجاج

جنگ بندی کی خلاف ورزی :بھارتی ناظم الامور کو طلبی ،احتجاج

احتجاجی مراسلہ بھارتی ناظم الامور کو تھمایاگیا ، چاروہ سیکٹر میں مارٹر بم فائر کئے

اسلام آباد (وقائع نگار)بھارتی افواج کی جانب سے ورکنگ باؤنڈری پر جنگ بندی کی خلاف ورزی پر پاکستان نے بھارتی ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کرکے شدید احتجاج ریکارڈ کرایا ۔ احتجاجی مراسلہ بھی بھارتی ناظم الامور کو تھمایا گیا ۔ ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چودھری نے اس امر کی تصدیق کی کہ بھارتی افواج کی جانب سے ایک بارپھر سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ورکنگ باؤنڈری پر کھلم کھلا فائرنگ کی گئی۔ چاروہ سیکٹر بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر کے جموں سیکٹر کے بالکل سامنے ہے ۔ ذرائع کے مطابق بھارتی ہائی کمیشن کے ناظم الامور کو تھمائے گئے مراسلہ میں پاکستان کی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ مقبوضہ جموں وکشمیر کے جموں سیکٹر میں واقع بھارتی بی ایس ایف کی چوکی کے اہلکاروں نے بلا اشتعال پاکستان کے چاروہ سیکٹر میں چھوٹے ہتھیاروں کے تیس راؤنڈ اور 60 ملی میٹر کے چار مارٹر بم فائر کئے ۔مراسلے میں مزید کہا گیا ہے کہ جموں سیکٹر میں واقع بی ایس ایف کی پوسٹ نے پاکستانی چوکی پر سنائپر گن کے ذریعے بھی فائرنگ کی تاکہ کسی پاکستانی جوان کو شہید یا زخمی کیا جاسکے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں