جنسی جرائم پر خصوصی عدالتیں، سمری وزیر اعظم کو ارسال

جنسی جرائم پر خصوصی عدالتیں، سمری وزیر اعظم کو ارسال

سیشن اور ایڈیشنل سیشن ججز کی عدالتوں کو خصوصی اختیارات د ئیے جائیں گے ، مقدمات 4 ماہ میں نمٹائے جائینگے ، ہر ضلع میں اینٹی ریپ کرائسس سیلز کے قیام پر کام جاری ،صدر کی منظوری کے بعد آگاہ کر دیا جائے گا، وزارت قانون

اسلام آباد (سپیشل رپورٹر)وفاقی وزارت قانون کی جانب سے جنسی جرائم کے مقدمات کی جلد سماعت اور نمٹانے کے لئے عدالتوں کے قیام کی سمری وزیر اعظم کو ارسال کر دی گئی ۔وزارت قانون کے ترجمان نے کہا کہ اس حوالے سے سیشن اور ایڈیشنل سیشن ججز کی عدالتوں کو خصوصی اختیارات د ئیے جائیں گے ،خصوصی عدالتیں ریپ اور جنسی زیادتی کے مقدمات 4 ماہ میں نمٹائیں گی،خصوصی عدالتوں کے قیام کی سمری اس کے بعد صدر کو ارسال کی جائے گی، اس سے قبل اینٹی ریپ آرڈیننس سے متعلق 42 رکنی کمیٹی بنائی گئی تھی جس کی سربراہی پارلیمانی سیکرٹری بیرسٹر ملیکہ بخاری نے کی۔ترجمان کا کہنا ہے کہ سیشن اور ایڈیشنل سیشن ججوں کی عدالتوں کو خصوصی اختیارات ملنے پر آرڈیننس کے پوری طرح نفاذ میں مدد ملے گی،اس ضمن میں ہر ضلع میں اینٹی ریپ کرائسس سیلز کے قیام پر بھی کام جاری ہے ،وزیر قانون فروغ نسیم نے اینٹی ریپ خصوصی عدالتوں کے قیام پر نہایت تندہی سے کام کیا ہے ،صدر مملکت کی منظوری کے بعد عدالتوں کوآگاہ کر دیا جائے گا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں