سابق ادوار میں ریکارڈ کرپشن ہوئی، کک بیکس، کمیشن کھائے گئے : بزدار

سابق ادوار میں ریکارڈ کرپشن ہوئی، کک بیکس، کمیشن کھائے گئے : بزدار

پی ڈی ایم کا ٹولہ کرپشن کی بہتی گنگامیں اشنان کرتا رہا،قوم کرپشن کی ہوشربا داستانیں نہیں بھولی ، قانون کی عملداری پر کوئی سمجھوتا نہیں ہوگا،عید کے دنوں میں سب کو احتیاط کرنا ہوگی، بیان

لاہور(سیاسی رپورٹر سے )وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدارنے کہاہے کہ ڈھا ئی برس کے دوران کرپشن کا ایک بھی سکینڈل سامنے نہ آنا تحریک انصاف کی حکومت کا کریڈٹ ہے ۔ تحریک انصاف کی حکومت نے پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار شفافیت کی نئی مثال قائم کی ہے اور اب کوئی قومی وسائل میں خیانت کی جرأت نہیں کرسکتاجبکہ سابق ادوارمیں کرپشن کے ریکار قائم کیے گئے اورمنصوبوں میں کک بیکس اورکمیشن کھائے گئے ۔اپنے ایک بیان میں وزیر اعلیٰ نے کہاکہ ماضی میں کرپشن کے مینار کھڑے کرکے اربوں کی لوٹ مار کی گئی۔ ماضی میں ہر روزکرپشن کا نیا سکینڈل سامنے آتا تھا۔ پی ڈی ایم کا ٹولہ کرپشن کی بہتی گنگامیں اشنان کرتا رہا۔ قوم کرپشن کی ہوشربا داستانیں آج تک نہیں بھو لیں ۔ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت قانون کی بالادستی پر یقین رکھتی ہے ۔ صوبے میں قانون کی عملداری کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گا ۔ صوبے میں قانون کی عملداری پر کوئی سمجھوتا نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ انتقامی کارروائی کی ہے نہ کسی کے خلاف کریں گے ۔ ہم انتقام پر نہیں بلکہ بلاتفریق احتساب، شفافیت اور میرٹ پر یقین رکھتے ہیں اور تحریک انصاف کی حکومت ہر سطح پر کرپٹ مافیا کا بلاامتیاز احتساب جاری رکھے گی۔ وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ کورونا کی صورتحال کے پیش نظر پنجاب میں لاک ڈاؤن 16مئی تک جاری رہے گا۔ صورتحال کا روزانہ جائزہ لے رہے ہیں اور عوام کی زندگیوں کو محفوظ بنانا پہلی ترجیح ہے ۔عید تعطیلات کے دوران شہریوں کو مزید احتیاط کرنا ہوگی۔ حکومتی گائیڈ لائنز پر عمل کرنے سے وبا کا پھیلاؤ روکنے میں مدد ملے گی۔ عثمان بزدارنے معروف گلوکار عارف لوہار کی اہلیہ ،ماضی کی معروف اداکارہ طلعت صدیقی کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہارکیا ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں