پرامن افغانستان کا مطلب پرامن پاکستان : آرمی چیف ، کابل میں اشرف غنی عبداللہ عبداللہ سے ملاقاتیں

پرامن افغانستان کا مطلب پرامن پاکستان : آرمی چیف  ، کابل میں اشرف غنی عبداللہ عبداللہ سے ملاقاتیں

امن عمل میں پیشرفت، تعاون بڑھانے ، موثر بارڈر مینجمنٹ پر گفتگو، افغان صدر نے پاکستان کے مخلصانہ کردار کو سراہا ، جنرل قمر باجوہ سے برطانوی جنرل کارٹر بھی ملے ،ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید ملاقاتوں میں موجود

لاہور (نیوز ڈیسک)آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پرامن افغانستان کا مطلب ناصرف پاکستان بلکہ خطے کا پرامن ہونا ہے ۔ آرمی چیف نے گزشتہ روز افغانستان کا دورہ کیا جہاں انہوں نے افغان صدر اشرف غنی سے ملاقات کی، اس موقع پر برطانوی چیف آف ڈیفنس سٹاف جنرل سر نیکولس پیٹرک کارٹر بھی موجود تھے ۔ اس دورے میں آئی ایس آئی کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید بھی آرمی چیف کے ہمراہ تھے ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، افغان امن عمل میں حالیہ پیشرفت، دوطرفہ سلامتی و دفاعی تعاون کے فروغ اور دونوں برادر ملکوں کے مابین موثر بارڈر مینجمنٹ پر بات چیت ہوئی۔ اس موقع پر آرمی چیف نے کہا ہم نے ہمیشہ تمام افغان فریقوں کے مابین باہمی اتفاق رائے پر مبنی امن عمل کی حمایت کی ہے ، افغان صدر نے بامقصد بات چیت پر آرمی چیف کا شکریہ ادا کیا اور افغان امن عمل میں پاکستان کے مخلصانہ اور مثبت کردار کو سراہا۔ بعدازاں آرمی چیف نے افغان قومی مصالحت کی ہائی کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر عبداللہ عبداللہ سے ملاقات کی اور افغان امن عمل سے متعلق امور پر بات چیت کی۔ دریں اثنا آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے گزشتہ روز برطانوی چیف آف ڈیفنس سٹاف جنرل سر نیکولس پیٹرک کارٹر نے بھی ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی کی صورتحال بالخصوص افغان امن عمل میں حالیہ پیشرفت اور دوطرفہ دفاعی تعاون میں مزید فروغ کے اقدامات پر بات چیت ہوئی۔ اس موقع پرآرمی چیف نے ڈیوک آف ایڈنبرگ شہزادہ فلپ کے انتقال پر تعزیت کی اور کہا کہ دنیا ایک انتہائی قابل احترام دوست سے محروم ہوگئی ہے ، معزز مہمان نے علاقائی امن و استحکام خصوصاً افغان امن عمل کیلئے پاکستان کی مخلصانہ کوششوں کو سراہا،آرمی چیف نے پاکستان میں کووڈ 19 کے خلاف جنگ میں برطانیہ کے کردار پر معزز مہمان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاک فوج برطانیہ کیساتھ دوستانہ تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں