ترقیاتی عمل میں نجی شعبے کی شراکت اہم ضرورت:وزیراعظم

ترقیاتی عمل میں نجی شعبے کی  شراکت اہم ضرورت:وزیراعظم

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ عوامی ضروریات کے پیش نظر ترقیاتی عمل میں نجی شعبے کی بھرپور شراکت وقت کی اہم ضرورت ہے

اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر،نیوز رپورٹر ، ) حکومت نجی شعبے کو ترقیاتی عمل میں بھرپور طریقے سے شامل کرنے اور ان کو موافق فضا کی فراہمی کے لئے مکمل طور پر پر عزم ہے ۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان 3 روزہ دورہ سعودی عرب کے بعد وطن واپس پہنچ گئے اور گزشتہ روز پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت مختلف ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کی، اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بیرون ملک اور اندرون ملک سرمایہ کاروں کو آسانیاں فراہم کرنے کے لئے سرمایہ کاری بورڈ کو متحرک کر رہے ہیں،وزیر اعظم نے پنجاب اور خیبرپختونخوا کی صوبائی حکومتوں کو ہدایت کی ہے کہ وفاقی اور صوبائی ترقیاتی منصوبوں پر عمل درآمد کی پیش رفت رپورٹ پیش کی جائے جس میں مستقبل کے ترقیاتی منصوبوں کے ساتھ ساتھ علاقائی سطح پر ترقیاتی منصوبوں کی تقسیم اور ان پر اب تک کی پیش رفت کی تمام تر تفصیلات شامل ہونی چاہئیں، علاوہ ازیں وزیراعظم عمران خان نے پمز ہسپتال کا اچانک دورہ کیا ، جہاں وزیراعظم کو کورونا مریضوں کی صورتحال پر بریفنگ دی گئی ،ڈیوٹی پر موجود ڈاکٹرز نے وزیراعظم کو کورونا مریضوں کی تعداد اور موجودہ صورتحال سے آگاہ کیا،وزیراعظم نے حفاظتی لباس پہن کر کورونا وارڈ کا بھی دورہ کیا اور مریضوں کو دستیاب سہولیات کا جائزہ لیا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں