10ماہ:معاونین خصوصی،مشیروں پر344لاکھ خرچ
85لاکھ تنخواہ،27لاکھ پٹرول، 20لاکھ ٹرانسپورٹ کی مد میں وصول کیے گئے
اسلام آباد(نیوز رپورٹر ) وزیراعظم عمران خان کے معاونین خصوصی نے رواں مالی سال کے دس ماہ میں 2کروڑ سے زائد اور مشیروں نے ایک کروڑ44 لاکھ روپے کے اخراجات کیے ہیں۔ سرکاری دستاویزات کے مطابق معاونین خصوصی نے بنیادی تنخواہ کی مد میں 85 لاکھ روپے ، موبائل الائونس کی مد میں 3 لاکھ روپے ،پٹرول کی مد 27 لاکھ روپے ، ٹرانسپورٹ کی مد میں 20 لاکھ 87 ہزار روپے ، ٹریولنگ الائونس کی مد میں14 لاکھ روپے اور فیول الائونس کی مد میں ایک لاکھ 45 ہزار روپے وصول کیے ہیں۔ معاونین خصوصی نے گھر کے کرایہ کی مد میں29 لاکھ روپے ، ٹیلی فون بل کے واجبات کی مد میں12 لاکھ روپے کے اخرجات کیے ہیں۔معاونین خصوصی نے یوٹیلیٹی الائونس کی مد میں 8 لاکھ36 ہزار روپے ، سٹیشنری کی مد میں ایک لاکھ 43 ہزار روپے ،مشینری و آلات کی مد میں52 ہزاروپے کے اخراجات کیے ہیں۔ وزیراعظم کے مشیروں نے بنیادی تنخواہوں کی مد میں76لاکھ روپے ،ہائوس رینٹ الائونس کی مد میں20لاکھ روپے ،یو ٹیلیٹی الائونس کی مد میں 8لاکھ36ہزار روپے ،موبائل فون الائونس کی مد میں 2 لاکھ 67ہزار روپے ،ایڈہاک الائونس 2017 کی مد میں 7لاکھ 60ہزار اور سمپوٹری الائونس کی مد میں2لاکھ 29ہزار روپے وصول کیے ہیں۔