سبزہ زار :گھر سے میاں بیوی کی مسخ شدہ لاشیں برآمد

سبزہ زار :گھر سے میاں بیوی کی مسخ شدہ لاشیں برآمد

دونوں کو تیز دھار آلے سے قتل کیا گیا ، مقتول نے دوسری شادی کر رکھی تھی پہلی بیوی سے دو بیٹے انگلینڈ رہتے ، پہلی بیوی کے والدین کا گھر بھی ساتھ

لاہور (خبر نگار سے )سبزہ زار کے علاقے میں گھر سے میاں بیوی کی مسخ شدہ لاشیں برآمد ہوئی ہیں ، میاں بیوی کو گھر میں گھس کر تیز دھار آلے سے قتل کیا گیا ۔ ڈکیتی مزاحمت یا دشمنی ، وجوہات کیا ہیں اس حوالے سے پولیس نے لاشیں پوسٹمارٹم کیلئے منتقل کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا ،آئی جی پنجاب نے قاتلوں کی فوری گرفتاری کا حکم دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق سبزہ زار کے علاقے حسن ٹاؤن میں سید انیس الدین اپنی بیوی کیساتھ رہائش پذیر تھا، نامعلوم افراد نے گھر میں داخل ہو کر میاں بیوی کو تیز دھار آلے سے بے دردی سے قتل کر دیا اورفرار ہو گئے ۔ سید انیس کی پہلی بیوی کے سالے نے پولیس کو اطلاع دی ، اطلاع ملنے پر پولیس اور فرانزک ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں جنہوں نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرکے لاشوں کو پوسٹمارٹم کیلئے مردہ خانے منتقل کر دیا ۔ مقتول کی پہلی بیوی فوت ہو گئی ہے جس کے بعد اس نے مقتولہ ناصرہ سے دوسری شادی کر رکھی تھی جس سے اس کی کوئی اولاد نہ تھی جبکہ مقتول کی پہلی بیوی سے دو بیٹے ہیں جو انگلینڈ میں ہیں اور ایک بیٹی شادی شدہ ہے پہلی بیوی کے والدین کا گھر بھی ساتھ ہے ، پولیس نے جائیداد تنازع، ڈکیتی مزاحمت سمیت مختلف پہلوؤں پر تفتیش شروع کر دی ، محلے دار کا کہنا ہے کہ سید انیس صبح کی نماز پڑ ھ کر آیا اور گھر آتے ہی نامعلوم افراد نے گھر میں گھس کر قتل کر دیا۔ دونوں میاں بیوی گھر میں اکیلے ہی رہتے تھے ان کی کسی سے کوئی دشمنی نہیں تھی، پولیس کے مطابق مقتول سید انیس کی عمر60 سال اور ناصرہ بی بی کی عمر 45 سال ہے ، دونوں کو نا معلوم وجوہات کی بنا پر قتل کیا گیا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں