کورونا : مزید 78 اموات ، یو اے ای کویت میں پاکستانیوں کا داخلہ بند

کورونا : مزید 78 اموات ، یو اے ای کویت میں پاکستانیوں کا داخلہ بند

تھائی لینڈ کی پاکستانی پروازوں پر پابندی ، بنگلہ دیش، سری لنکا،نیپال بھی پابندیوں کا شکار،کارگو پروازوں کو اجازت 3447 نئے کیسز،4846کی حالت تشویشناک، لاہور میں89 فیصد مریض برطانوی وائرس سے متاثر

لاہور، اسلام آباد(اپنے سٹاف رپورٹر سے ، نیوز ایجنسیاں، دنیا مانیٹرنگ)کورونا سے ملک میں مزید 78 افراد جاں بحق ہوگئے اور 3447 نئے مریض رپورٹ ہوئے ہیں۔ دوسری جانب یو اے ای، کویت اور تھائی لینڈ نے پاکستان سمیت کئی ممالک پرسفری پابندیاں عائد کرتے ہوئے ان کے شہریوں کا داخلہ بند کردیا ۔ تفصیلات کے مطابق عرب امارات اور تھائی لینڈنے پاکستان کیلئے سفری پابندیاں لگادیں،اماراتی حکام کے مطابق کورونا کی وجہ سے 12 مئی کے بعد پاکستان، بنگلہ دیش، سری لنکا اور نیپال سے کوئی پرواز امارات نہیں جا سکے گی، تاہم ٹرانزٹ پروازیں پابندی سے آزاد ہونگی۔ یو اے ای سے ان چاروں ممالک کی جانب جانے والی پروازیں معمول کے مطابق جاری رہیں گی۔ بیان میں کہا گیا کہ متحدہ عرب امارات کے شہریوں سمیت چاروں ممالک کے منظور شدہ سفارتی مشن پر آنے والے افراد، سرکاری وفود، کاروباری طیاروں میں سفر کرنے والے افراد، اور گولڈن رہائشی ہولڈرز کو استثنیٰ حاصل ہوگا۔اس اعلان کے بعد لاہور سمیت ملک بھر سے قومی ونجی ایئر لائنز نے دبئی کا یک طرفہ کرایہ 1لاکھ 75ہزار تک وصول کرنا شروع کر دیا ۔ جس سے عید پاکستان کرنے یا ملازمت کی چھٹیاں پوری ہونے والے مسافروں کو بھی مالی مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔ کویت کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان ، بنگلہ دیش، نیپال اور سری لنکاسے پروازوں کی آمد بند کر کے مسافروں کے داخلے پر پابندی لگائی جارہی ہے ۔ تاہم کارگو پروازوں پر پابندی نہیں ہوگی۔ کہا گیا ہے کہ ان ممالک کے شہری اگر کسی دوسرے ملک میں 14 روز تک موجود ہونگے تو وہ کویت میں داخل ہوسکیں گے ۔ تھائی لینڈ کی جانب سے عائد پابندی کا اطلاق فوری طور پر ہوگا اور غیر معینہ مدت تک جاری رہے گی۔ تاہم ان ممالک نے کارگو پروازوں پر پابندی نہیں لگائی۔ دوسری جانب این سی او سی نے اعدادوشمار جاری کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 8 لاکھ 61 ہزار 473 ہوگئی جبکہ 18 ہزار993 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں ۔ تاہم اب تک 7 لاکھ 62 ہزار 105 مریض صحت یاب ہوئے ہیں اور 4 ہزار 846 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے ۔ ادھر ترجمان پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیر پنجاب کے مطابق لاہور میں 5 اور صوبہ میں کورونا سے مزید 26مریض جاں بحق ہوگئے ۔ جبکہ پنجاب میں کورونا وائرس کے 1393 نئے کیسزکے ساتھ تعداد 3لاکھ 19ہزار 365 ہو گئی ، لاہورمیں 501 نئے مریض سامنے آئے ہیں جبکہ پنجاب بھر میں 2لاکھ 60ہزار918 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں ، دریں اثنا یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز میں ہونے والی ایک تحقیق سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ لاہور میں کورونا کے 89 فیصد مریض وائرس کی برطانوی قسم جبکہ صرف دو فیصد جنوبی افریقی قسم کا شکار ہوئے ہیں۔ یہ تحقیق یونیورسٹی کے شعبہ امیونالوجی کے ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر شاہ جہاں اور ان کی ٹیم نے برطانوی تحقیقاتی ادارے کوارڈرم انسٹیٹیوٹ بائیو سائنس کے اشتراک سے کی ہے ،علاوہ ازیں پنجاب حکومت کے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پبلک ٹرانسپورٹ گزشتہ روز شام 6 بجے بند کردی گئی تاہم رکشہ ، ٹیکسیز اور پرائیویٹ گاڑیوں کو50فیصد گنجائش کے ساتھ سفر کرنے کی اجازت ہے ۔ تمام مارکیٹس، کاروبار، دفاتر اور دکانیں بھی بند رہیں گی۔این سی او سی نے عید الفطر کے پہلے دو دن ویکسی نیشن سنٹرز بند کرنے کا مراسلہ بھی جاری کردیا ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں