حدیبیہ کیس کی دوبارہ تفتیش ہوگی ، وفاقی حکومت ، سپریم کورٹ ریفرنس ختم کر چکی ، ڈرامے بند کریں ، ن لیگ

حدیبیہ کیس کی دوبارہ تفتیش ہوگی ، وفاقی حکومت ، سپریم کورٹ ریفرنس ختم کر چکی ، ڈرامے بند کریں ، ن لیگ

مقدمہ شریف خاندان کی کرپشن کا اہم سرا، جس طریقہ سے اس میں پیسہ باہر بھیجا وہی ہر کیس میں اپنایا گیا:وزیر اطلاعات، ایف آئی اے کیس پر کام کرے :وزیراعظم ، شہباز کیخلاف لاہور ہائیکورٹ میں فوری اپیل کی ہدایت، خدا کا واسطہ مہنگائی، بیروزگاری پر توجہ دیں، ایسی حرکتوں سے عوام کو مزید غصہ دلارہے ہیں:مریم اورنگزیب

اسلام آباد (خصوصی نیوز رپورٹر،سیاسی رپورٹر، دنیا مانیٹرنگ)وفاقی حکومت نے کہا ہے کہ حدیبیہ پیپرز ملز کیس کی نئے سرے سے دوبارہ تفتیش ہوگی ۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت حکومتی رہنماؤں کا اجلاس ہوا جس میں وزیر اطلاعات فواد چودھری، وزیرمنصوبہ بندی وترقی اسد عمر، مشیر داخلہ و احتساب شہزاد اکبر اور قانونی ماہرین شریک ہوئے ،ذرائع کے مطابق اجلاس میں ملکی سیاسی صورتحال ، وزیر اعظم کے دورہ سعودی عرب پر گفتگو ہوئی اور شہبازشریف کی بیرون ملک روانگی سے متعلق عدالتی فیصلے پربھی مشاورت کی گئی جبکہ اس معاملے پر عدالت سے رجوع کرنے کے بارے میں غور کیا گیا، دنیا نیوز کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے مشیر داخلہ شہزاد اکبر کو عید الفطر کے بعد حدیبیہ پیپر ملز کیس پر ورکنگ کر کے رپورٹ پیش کرنے کے احکامات جاری کئے اور کہا کہ ایف آئی اے حدیبیہ پیپر ملز کیس کے حوالے سے کام کرے ،اجلاس کے دوران شہباز شریف کا نام بلیک لسٹ سے نکلنے کے بعد مشیر داخلہ شہزاد اکبر کو فوری طور پر لاہور ہائیکورٹ میں اپیل دائر کرنیکی ہدایت کی گئی اور شہباز شریف کیخلاف ایف آئی اے کو متحرک کرنے کا فیصلہ کیا گیا، بعد ازاں وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم کو قانونی ٹیم نے شہباز شریف کے مقدمات پر تفصیلی بریفنگ دی ہے جبکہ حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ حدیبیہ پیپرز ملز کا مقدمہ نئے سرے سے تفتیش کا متقاضی ہے اور اس سلسلے میں متعلقہ اداروں کو تفتیش نئے سرے سے شروع کرنے کی ہدایات دی جارہی ہیں،فواد چودھری نے کہا کہ حدیبیہ کا مقدمہ شریف خاندان کی کرپشن کا سب سے اہم سرا ہے ، اس مقدمے میں ن لیگ کے صدر شہباز شریف اور قائد مسلم لیگ ن نواز شریف مرکزی ملزم کی حیثیت رکھتے ہیں جو طریقہ حدیبیہ میں پیسے باہر بھیجنے کیلئے استعمال ہوا اسی کو بعد میں ہر کیس میں اپنایا گیا، اس لئے اس کیس کو انجام تک پہنچانا از حد اہم ہے ، دوسری جانب ترجمان مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب نے اس پر ردعمل دیتے ہوئے کہاکہ حدیبیہ ریفرنس کو سپریم کورٹ قانونی طورپر ختم کرچکی ہے ، خدا کا واسطہ ہے کہ مہنگائی، بے روزگاری معاشی تباہی پر توجہ دیں، ڈرامے بند کریں۔ مریم اورنگزیب نے اپنے بیان میں کہاکہ اگر کتا کاٹ جائے تو اس کا کوئی علاج نہیں، حدیبیہ میں نئی تفتیش کے آغاز کا حکم دے کر عمران صاحب نے تسلیم کرلیا کہ شہبازشریف کے خلاف تمام نیب کیس جھوٹے تھے ،ثابت ہوگیا کہ آشیانہ، صاف پانی، گندا نالہ،ملتان و لاہور میٹروز، آمدن سے زائد اثاثوں کے سب کیسز صرف سیاسی انتقام تھے ،عمران خان کی کمیشن خورغیرقانونی ٹیم نے انہیں آٹا چینی، بجلی، گیس، ایل این جی، دوائی چوری پر کوئی بریفنگ دی؟ وزیراعظم آٹا ، چینی ،بجلی ، گیس اور دوائی چوری پر بریفنگ لیں جس کے مرکزی کردار عمران خان ہیں ، انہوں نے کہا کہ کرائے کے ترجمان کیوں نہیں بتاتے کہ ہائی کورٹ کے کیس کو بند کرنے کے حکم کے خلاف نیب سپریم کورٹ گیا لیکن سپریم کورٹ نے بھی یہ فیصلہ برقرار رکھا ، عوام کے صبر کو مزید مت للکاریں، اس طرح کی حرکتوں سے آپ عوام کو مزید غصہ دلارہے ہیں، نواز شریف اور شہباز شریف سے عوام کا پیٹ نہیں بھرے گا آپ کے جھوٹ اور احتساب کے تماشے آپ کے منہ پہ طمانچے ہیں،ایک اور بیان میں انہوں نے کہا کہ جھوٹ ، فریب ، دھوکا دہی تاریخ کی بلند ترین سطح پر ہے ،تاریخی تبدیلی لانے والے تاریخی مہنگائی ، مفلسی ، غربت اور معاشی تباہی لا رہے ہیں ،تاریخی مہنگائی عوام کی غربت اور بے روزگاری کی نئی تاریخ لکھ رہی ہے ،تاریخی مہنگائی بے روزگاری اور معاشی تباہی عمران خان کی تاریخی ناکامی ، نالائقی اور کرپشن کی داستان ہے ، اپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ انڈے ، مرغی، بھینس، کٹے ، بکری سے جس نے معیشت چلانی تھی، اس کے دور میں مرغی اور انڈے تاریخی مہنگے ہو گئے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں