بلاول کے والد خزانہ نہ لوٹتے تو مسائل نہ ہوتے :فرخ حبیب

بلاول کے والد خزانہ نہ لوٹتے تو مسائل نہ ہوتے :فرخ حبیب

تاریخ لکھی جائیگی، سندھ لوٹا جا رہا تھا اور بلاول زرداری چین کی بانسری بجا رہا تھا

اسلام آباد (اے پی پی)وزیر مملکت برائے اطلاعات فرخ حبیب نے کہا کہ بلاول صاحب! اپنے ملک اور قوم کو ڈوبنے سے بچانے کی خاطر وسائل جمع کرنا باعث ندامت نہیں، تاریخ لکھی جائے گی کہ سندھ لوٹا جا رہا تھا اور بلاول پریس کانفرنسوں میں چین کی بانسری بجا رہا تھا، شرم و ندامت آپ کو ہونی چاہئے کہ اپنے ملک اور عوام کا پیسہ لوٹ لیا، بیرون ملک جائیدادیں بنائیں، پہلے مُکر گئے پھر تسلیم کر لیا ۔ بلاول بھٹو کے بیان پر رد عمل میں فرخ حبیب نے کہا کہ شرمندگی کی بات یہ ہے کہ آپ حکمران ہوں لیکن سندھ کے عوام کو کتوں کے کاٹے کی ویکسین بھی میسر نہ ہو،تھر میں بھوک سے بلبلاتے بچے دم تو ڑتے جائیں اور آپ بے حسی کا بت بن کر تماشا دیکھتے رہیں۔انہوں نے کہا کہ آپ کے والدِ گرامی،پھوپھو صاحبہ اور دیگر حواری قومی خزانے پر \'ہاتھ ہولا\' رکھتے تو آج پاکستان کو یوں معاشی مسائل کا سامنا نہ ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ بلاول صاحب ماضی کے لٹیرے حکمران لوٹ مار نہ کرتے تو آج پاکستان اور عوام مقروض نہ ہوتے ۔ بلاول صاحب بتائیں کیا سندھ میں 14 ارب کی گندم چوہے کھا جاتے ہیں؟آپ کے صوبے میں کرپشن میں پلی بارگین کرنے والے 500 سرکاری ملازمین دوبارہ تعینات ہو جاتے ہیں۔یہ اندھیر نگری چوپٹ راج نہیں تو کیا ہے ؟ بلاول صاحب! آپ نے سندھ کے عوام کو مافیا کے رحم وکرم پر چھوڑ دیا جہاں آٹا سب سے مہنگا 1200 روپے میں 20 کلو کا تھیلا بک رہا ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں