چاند نظر آگیا ، آج پورے ملک میں عید الفطر : رویت ہلال کمیٹی کا رات گئے اعلان

چاند نظر آگیا ، آج پورے ملک میں عید الفطر : رویت ہلال کمیٹی کا رات گئے اعلان

اجلاس 5 گھنٹے سے زائد وقت تک جاری رہا ،بلوچستان ،خیبر پختونخوا سے موصول شہادتوں پرکمیٹی ارکان کا اختلاف،دیگر شہادتوں کی بنیاد پر اعلان کیا:عبدالخبیرآزاد سعودی عرب ،قطر، فلسطین،متحدہ عرب امارات،انڈونیشیا، ملائیشیا ،افغانستان ،برطانیہ ،فرانس ودیگر ممالک میں بھی آج عید،بھارت ،بنگلہ دیش میں چاند نظر نہ آیا

اسلام آباد (دنیا نیوز،نیوز ایجنسیاں)مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے رات گئے چاند نظر آنے کا اعلان کردیا، آج پورے ملک میں عیدالفطر منائی جائے گی، عید الفطر کے چاند کی رویت کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس اسلام آباد میں چیئرمین مولانا عبدالخبیرآزاد کی سربراہی میں ہوا، جس میں وزارت سائنس، سپارکو اور محکمہ موسمیات کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔ اجلاس 5 گھنٹے سے زائد تک جاری رہا،اس کے علاوہ زونل اور ضلعی ہلال کمیٹیوں کے اجلاس بھی اپنے اپنے متعلقہ مقامات پر ہوئے ،اجلاس کے بعد نیوز کانفرنس کے دوران چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزادنے کہاکہ چمن ،قلعہ سیف اللہ ، پسنی ، پشاور ، میرپور خاص و دیگر علاقوں سے شہادتیں موصول ہوئیں جس کے بعد فیصلہ کیا گیا یکم شوال آج جمعرات کو ہوگی،بلوچستان اور خیبرپختونخوا سے موصول شہادتوں پر کمیٹی ارکان کے درمیان اختلاف ہوا تاہم ملک کے مختلف شہروں سے ملنے والی شہادتوں کی بنیاد پر عید منانے کا اعلان کردیا گیا ہے ، قبل ازیں پشاور کی غیرسرکاری رویت ہلال کمیٹی مسجد قاسم خان نے آج عید الفطر منانے کا اعلان کیا ، مفتی شہاب الدین پوپلزئی نے کہا کہ ہمارے پاس 23 گواہان موجود ہیں، واضح رہے کہ سعودی عرب سمیت دنیا کے کسی ملک میں منگل کی رات شوال کا چاند نہیں دیکھا جاسکا تھاجس کی وجہ سے بیشتر ممالک میں عید الفطر آج بروزجمعرات کو منائی جائے گی،سعودی عرب ،قطر، فلسطین،متحدہ عرب امارات،انڈونیشیا، ملائیشیا ،افغانستان میں بھی عید آج منائی جائے گی،برطانیہ اور فرانس سمیت متعدد یورپی ممالک میں بھی عیدالفطر 13مئی کو ہی منائی جائے گی، تاہم بھارت میں عید 14 مئی جمعہ کوہوگی، بھارت میں چاندنظرآنے کی شہادت نہیں ملی جبکہ بنگلہ دیش میں بھی عید جمعہ کو ہوگی۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں