گندم کی تاریخی پیداوار ، کم ریٹ یا باردانہ کی شکایات نہ ملنا ہماری کامیابی : بزدار

گندم کی تاریخی پیداوار ، کم ریٹ یا باردانہ کی شکایات نہ ملنا ہماری کامیابی : بزدار

بہترین ریٹ کے بروقت اعلان سے زیادہ رقبے پر گندم کاشت ہوئی، حکومت 95فیصد خرید چکی کرپٹ ٹولے کی پی ڈی ایم کے پیچھے چھپنے کی کوشش ناکام:بیان ، نالوں کی صفائی کا حکم

لاہور (سیاسی رپورٹر سے )وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بز دار نے کہا ہے کہ بروقت حکومتی فیصلے اور بہترین ریٹ کی وجہ سے زیادہ رقبے پر گندم کاشت کی گئی۔پنجاب بھر سے کم ریٹ، باردانہ کی عدم فراہمی یا انتظامات میں کسی لاپرواہی کی شکایت نہ ملنا ہماری ساری ٹیم کی بڑی کامیابی ہے ۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے پنجاب کے محنتی اور جفاکش کسانوں کو گندم کی20 ملین میٹرک ٹن کی تاریخی پیداوار پر مبارکباد دیتے ہوئے کہاکہ ماضی میں گندم کے ریٹ کا اعلان کٹائی کے وقت ہوتا تھا، جو ہم نے پچھلے سال اکتوبر میں کاشت کے وقت ہی کر دیا تھا، اس بروقت حکومتی فیصلے اور بہترین ریٹ کی وجہ سے زیادہ رقبے پر گندم کاشت کی گئی۔ اب تک ٹارگٹ کی 95 فیصد گندم خریدی جا چکی ہے ۔ اپنے ایک اور بیان میں وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا لوٹی دولت بچانے کیلئے کرپٹ ٹولے کی پی ڈی ایم کے پیچھے چھپنے کی کوشش بری طرح ناکام ہوئی، پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں نے اپنے ادوار میں کرپشن کی بہتی گنگا میں ہاتھ دھوئے ۔ موجودہ حکومت پاکستان کی شفاف ترین حکومت ہے ۔ کبھی غلط کام کیا نہ کسی کو کرنے دیں گے ۔ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں نیا پاکستان کی بنیاد رکھی جا چکی ہے ۔ اس کے علاوہ انہوں نے کہا لاہورسمیت پنجاب بھر میں کورونا ویکسی نیشن سینٹرز کی تعدادمیں اضافہ کیا جا رہا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ شہریوں کو روزانہ ویکسین لگائی جاسکے ۔ احتیاط کرکے ہی ہم کورونا سے محفوظ رہ سکتے ہیں۔ شہریوں سے اپیل ہے کہ وہ عید الفطر کی نماز کورونا ایس او پیز کے ساتھ ادا کریں۔ دوسری جانب وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے مون سون سیزن کی آمد سے قبل نالوں کی صفائی کا کام مکمل کرنے کاحکم دیدیا ۔ انہوں نے کہا لاہور سمیت دیگر شہروں میں نالوں کی بروقت صفائی کے لئے متعلقہ ادارے جامع پلاننگ کریں۔ نالوں کی صفائی کر کے رپورٹ وزیراعلیٰ آفس پیش کی جائے ۔ نالوں کی صفائی کے انتظامات کا تھرڈ پارٹی آڈٹ ہوگا۔ کاغذی کارروائی نہیں چلے گی۔دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب نے اسرائیل کی غزہ میں بمباری اورمیزائل حملوں کی شدید مذمت کی ہے ۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ اسرائیل بچوں اورخواتین کو نشانہ بنا کر بربریت کا مظاہرہ کررہاہے جس کی ہم پر زور مذمت کر تے ہیں ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں