شہباز چلے گئے تو ہم پر مک مکا کا الزام لگے گا:شاہ محمود

شہباز چلے گئے تو ہم پر مک مکا کا الزام لگے گا:شاہ محمود

چلتے پھرتے ، ٹھیک ٹھاک نظر آ رہے ، اب ان کی بیماری کا جواز بنایا جا رہا تمام مسلم ممالک فلسطین کیلئے آواز اٹھائیں گے تو فرق پڑے گا،وزیر خارجہ

ملتان(سٹاف رپورٹر،اے پی پی )وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ فلسطین میں اسرائیل کے ظالمانہ حملوں پر شدید تشویش پائی جاتی ہے ۔ ہم اس کی بھرپور مذمت کرتے ہیں،او آئی سی کو فلسطین کے مسئلہ پر فوری اجلاس بلاناچاہئے ، تمام مسلم ممالک فلسطین کیلئے آواز اٹھائیں گے تو اس سے فرق پڑے گا،صرف جلوس نکالنے سے کچھ حاصل نہیں ہوگا، تمام مسلم ممالک کو یکجا ہونا پڑے گا۔وزیر خارجہ نے ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا مسئلہ فلسطین پر پاکستان اسلامی ممالک کے ساتھ کھڑا ہے ۔ ترکی اور سعودی عرب کے وزیر خارجہ سے بھی اس حوالے سے گفتگو ہوئی۔سعودی عرب کے دورے سے مخالفین کی امیدوں پر پانی پھر گیا، کچھ عناصر سعودیہ سے تعلقات خراب کرنا چاہتے ہیں، خلیج پیدا کرنے والوں کے ارمانوں پر اوس پڑ گئی۔انہو ں نے کہا کرپشن کے خلاف صرف عمران خان نے آواز بلند نہیں کرنی۔ کرپشن کے خاتمے کیلئے تمام اداروں کو کردار ادا کرنا ہوگا۔نواز شریف کی عدالت میں ضمانت دینے والے شہباز شریف اب ملک سے باہر جانا چاہتے ہیں۔شہباز شریف کو کوئی ایمرجنسی بھی نہیں ہے ان کو کیسز کا سامنا کرنا چاہئے ۔ انہوں نے کہا شہباز شریف چلتے پھرتے ہیں، ٹھیک ٹھاک نظر آ رہے ہیں، اب ان کی بیماری کا جواز بنایا جا رہا ہے ۔ اگر شہباز شریف چلے گئے تو پھر ہم پر مک مکا کا الزام لگے گا۔شہباز شریف کی گارنٹی کا عدالت کو نوٹس لینا چاہئے ۔پلیٹ لیٹس کا ایشو بنا کر نواز شریف چلے گئے اور تمام سیاسی سرگرمیوں میں حصہ لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے سنگ بنیاد کے بعد اب وزیر اعظم جلد جنوبی پنجاب کے بے روزگار نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی کے لئے ملازمتوں کے علیحدہ کوٹہ کا اعلان کریں گے ۔انہوں نے کہا مہنگائی کے خاتمے کے لئے ہر قدم اٹھا رہے ہیں۔ ہمارا مقابلہ مافیاز سے ہے ۔ مافیاز کے خلاف انکوائریاں کی گئیں وزیراعظم نے واضح کہا ہے ذمہ داروں کو نہیں چھوڑا جائے گا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں