فیصل آباد: روزہ دار نوجوان گلے پر ڈور پھرنے سے جاں بحق

فیصل آباد: روزہ دار نوجوان گلے  پر ڈور پھرنے سے جاں بحق

جڑانوالہ روڈ پر روزہ دار نوجوان گلے پر ڈور پھرنے سے جاں بحق ہوگیا

فیصل آباد، لاہور (خصوصی رپورٹر، سیاسی رپورٹر) ورثاء کا ہسپتال کے باہر پولیس کے خلاف احتجاجی مظاہرہ، کیمیکل ڈور بنانے اور فروخت کرنے والوں کیخلاف آپریشن کا مطالبہ کیا گیا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے واقعہ کانوٹس لیتے ہوئے آر پی اوفیصل آباد سے رپورٹ طلب کرلی ۔ چک نمبر 647گ ب کے 25سالہ عاطف ولد مشتاق کی جھنگ روڈ پر واقعہ پٹرول پمپ پر گاڑیوں کو پنکچر لگانے کی دکان تھی اور وہ صبح روزہ کی حالت میں گھر سے اپنی دکان کی جانب جارہا تھا کہ تھانہ پیپلزکالونی کے علاقہ جڑانوالہ روڈ پر تیزاب ملز چوک کے قریب کٹی پتنگ کی تیز دھار دھاتی ڈور اس کے گلے پر پھر گئی جس کے نتیجہ میں وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا، لاش دیکھ کر ٹریفک پولیس کی جانب سے پولیس کو اطلاع دی گئی جس پر ڈی ایس پی پیپلزکالونی توصیف خان، ایس ایچ او پیپلزکالونی سب انسپکٹر تصور رمضان اور ایس ایچ او صدر ایوب ساہی موقع پر پہنچ گئے ۔عاطف کا والد مشتاق جڑانوالہ کی مسجد میں اعتکاف پر بیٹھا ہوا ہے ۔وزیراعلیٰ نے غفلت کے ذمہ داروں کے خلاف قانونی کارروائی کا حکم دیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پتنگ بازی پر پابندی کے قانون پر سختی سے عملدرآمدکرایا جائے ،وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے جاں بحق نوجوان کے لواحقین سے دلی ہمدردی واظہار تعزیت کیا ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں