محراب پور کے قریب ریلوے ٹریک پر کریکر دھماکا

محراب پور کے قریب ریلوے ٹریک پر کریکر دھماکا

چار فٹ ٹریک اکھڑ گیا، گرین لائن ایکسپریس کو اس مقام سے گزرنا تھا ٹرینوں کو پڈعیدن، نواب شاہ پر روک لیا گیا، 6گھنٹے بعد ریلوے ٹریفک بحال

محراب پور، پڈعیدن (نمائندگان دنیا) محراب پور کے قریب بچل شاہ 366 اپ ریلوے ٹریک پر پنجاب جانے والی گرین لائن ایکسپریس کی آمد کے وقت کریکر کا دھماکا ہوا، جس کی آواز دور دور تک سنائی دی گئی اور چار فٹ ٹریک اکھڑ گیا۔ حادثے کی اطلاع پر ریلوے حکام اور پولیس موقع پر پہنچ گئی۔ ذرائع کے مطابق حادثے کے وقت کراچی سے راولپنڈی جانے والی گرین لائن ایکسپریس کو اس مقام سے گزرنا تھا، ابھی تک کسی گروپ نے واقعہ کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے ۔ ابتدائی معلومات کے مطابق دھماکا کریکر کا تھا، جس سے 4 فٹ اپ لائن کا ٹکڑا ٹوٹ گیا۔ دھماکے کے باعث اپ ٹریک پر ٹرینوں کی آمد ورفت جزوی طور پر معطل ہو گئی، اپ ٹرینوں کو پڈعیدن، نواب شاہ کے اسٹیشنوں پر روک لیا گیا۔ ریلوے حکام کا کہنا ہے کریکر دھماکے سے کسی ٹرین کو کسی قسم کا نقصان نہیں ہوا۔ بم ڈسپوزل عملے کے ٹریک کے معائنے کے بعد صورت حال واضح ہو گی کہ دھماکا کس نوعیت کا تھا۔ چھ گھنٹے بعداپ ریلوے ٹریک کو ٹرینوں کی آمد و رفت کے لیے بحال کر دیا گیا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں