لاکھوں کے ڈاکے ، چوریاں ، شہری قیمتی مال و زر سے محروم
شیراکوٹ میں جنید کے گھر4، سندرمیں اشفاق سے 3لاکھ کا سامان لوٹ لیا گیا نصیر آباد، گرین ٹائون، فیصل ٹائون، سمن آباد و دیگر علاقوں میں بھی وارداتیں
لاہور(سپیشل کرائم رپورٹر )صوبائی دارالحکومت میں شہری ڈکیتی اور چوری کی متعدد وارداتوں کے دوران لاکھوں مالیت کی نقدی،طلائی زیورات،موبائل فونز اور دیگر قیمتی اشیا سے محروم ہوگئے ۔ شیراکوٹ کے علاقہ میں جنید کے اہل خانہ سے 4 لاکھ مالیت کا سامان، سندر میں اشفاق کے گھر سے تین لاکھ روپے مالیت کا سامان،نصیر آباد میں باسط سے چار لاکھ روپے مالیت کی نقدی، موبائل فون اور دیگر سامان، گرین ٹاؤن میں فارمیسی سے لاکھوں روپے مالیت کا سامان،فیصل ٹائون میں عبدالغفار سے دو لاکھ روپے مالیت کا سامان، سمن آباد میں مدثر سے ڈیڑھ لاکھ روپے مالیت کا سامان،راوی روڈ کے علاقہ میں حسن سے ایک لاکھ روپے کا سامان، جوہر ٹاؤن میں شاہد سے پچاس ہزار روپے مالیت کا موبائل اور نقدی چھین لی گئی،ڈیفنس میں تنویر سے 2 لاکھ نقدی و موبائل فون، وحدت کالونی میں عمران سے 70 ہزار روپے و موبائل فون، لاری اڈہ میں اختر سے 1 لاکھ نقدی و موبائل چھین لیا گیا، شفیق آباد،ڈیفنس، گلبرگ اور مسلم ٹاون سے گاڑیاں جبکہ مصری شاہ۔بادامی باغ ، شالیمار، شاہدرہ ٹاون اور نواب ٹاؤن سے موٹر سائیکلیں چوری ہوگئیں۔