لاہور میں تیز آندھی، طوفان،18بجلی کے کھمبے گر گئے

لاہور میں تیز آندھی، طوفان،18بجلی کے کھمبے گر گئے

آج بھی لاہور اوربالائی علاقوں میں آندھی،گرج چمک کیساتھ بارش

لاہور (نیوز رپورٹر،اپنے کامرس رپورٹر سے) لاہورسمیت پنجاب ، گلگت بلتستان ، کشمیر اور خیبر پختونخوامیں کئی مقامات پر کم اور تیزبارش ہوئی، شدید آندھی سے ملتان، بہاولپور،مظفرگڑھ اور ڈی جی خان میں ٹرانسمیشن لائن کے دو ٹاورز اور 13سٹرکچر پولز زمین بوس ہوگئے ،لاہور میں تیز آندھی اور طوفان کے باعث ملتان روڈ پر بجلی کے پول گر گئے ،چوہنگ کے قریب بجلی کے پول گرنے سے گاڑی نیچے دب گئی ،متاثرہ شہری نے اپنی جان بھاگ کر بچائی، آندھی کے باعث 18 بجلی کے کھمبے گرے ، ریسکیو حکام اور واپڈا کا عملہ تا خیر سے پہنچا رات گئے بجلی کے پول ہٹانے کاکام جاری رہا ۔بارش کے باعث لیسکو کے 100 سے زائد فیڈرز ٹرپ کر گئے فیڈرز ٹرپ ہونے اور دیگر فنی خرابیوں کے باعث متعدد علاقے بجلی سے گھنٹوں محروم رہے شفیق آباد، راج گڑھ، اقبال ٹاون ،شیر شاہ روڈ ،ڈھولنوال ،چوبرجی پارک ،فیز پور ،علی پارک ،بیگم کوٹ ،کوٹ محمدی ،بلال گنج ،شاہدرہ،کریم پارک ،بادامی باغ ،شادباغ ،سلطان پورہ ،والٹن روڈ ،بھٹہ چوک ،رائل پارک ،قلعہ گجر سنگھ کے متعدد علاقوں میں گھنٹوں بجلی بند رہی ،لاہور میں سب سے زیادہ بارش لکشمی چوک میں 5 ،چوک ناخدا میں 3، گلبرگ، جیل روڈ، مغلپورہ،پانی والا تالاب،جوہرٹائون،پنجاب یونیورسٹی میں 2، گلشن راوی میں 1.5،اپر مال،تاج پورہ،نشترٹائون، اقبال ٹائون میں ایک ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی،دیگر شہروں میںسب سے زیادہ بارش مری 26 ، ڈیرہ غازیخان 23 ، بہاولنگر 4 ، نارووال 3 ، نورپورتھل 2 ، مظفرآباد میں 7سے 10، راولاکوٹ12 ، گلگت بلتستان کے علاقہ بونجی7 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج جمعرات کو بھی جڑواں شہروں اور ملک کے بالائی علاقوں میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کاامکان ہے جبکہ چند مقامات پر موسلا دھار بارش اور ژالہ باری بھی متوقع ہے تاہم ملک کے دیگر علاقوں میں موسم گرم اورخشک رہے گا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں