30 سال کی عمر کے افراد کی 16 مئی سے ویکسی نیشن رجسٹریشن شروع
صحافیوں کو ترجیحاً ویکسین لگے گی، سندھ میں مراکز عید کی چھٹیوں میں کھلے رہیں گے ، ریسٹورنٹس کو ٹیک اوے کی اجازت ڈپٹی سیکرٹری تنزیل الرحمن ، پختو نخوا کے سینئر ڈاکٹر سمیت مزید 104 جاں بحق، مریضوں میں بلیک فنگس کی اطلاعات
لاہور،اسلام آباد (سیاسی رپورٹرسے ،نیوز ایجنسیاں، دنیا مانیٹرنگ )وفاقی وزیراسد عمرنے 16مئی سے تیس سال کی عمر کے افراد کی بھی ویکسی نیشن کے لئے رجسٹریشن شروع کرنے کا اعلان کردیا۔ اسد عمرنے اپنے ٹویٹ میں بتایا کہ ملک بھر میں ویکسین کی سپلائی میں بہتری آئی ہے اور ویکسین لگانے کی صلاحیت میں بھی بتدریج اضافہ ہوا ہے ، حکومت ویکسین لگانے والوں کی کیٹیگری میں مسلسل توسیع کررہی ہے ۔ سولہ مئی سے 30 سال سے زائد عمر کے افراد کی رجسٹریشن بھی شروع کرنے جارہے ہیں۔ ادھر معاون خصوصی اطلاعات پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہاہے کہ انشا اللہ بہت جلد30لاکھ مزید ویکسینز پنجاب کو دستیاب ہونگی۔ صحافیوں کو ترجیحاً کورونا ویکسین لگانے سے متعلق سفارشات منظور کرلی گئیں، عید تعطیلات کے بعد پنجاب کے صحافیوں کو ویکسین لگانے کا عمل شروع ہوجائے گا ۔ سندھ میں کورونا ٹاسک فورس نے عید کی چھٹیوں کے دوران صوبے بھر میں ویکسی نیشن سنٹرز کھلے رکھنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ اسی طرح وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کراچی سمیت سندھ بھر میں ریسٹورنٹس کو ٹیک اوے کی اجازت دے دی۔ دوسری جانب ملک میں کورونا وائرس سے مزید 104 افراد جاں بحق ہوگئے اور 2 ہزار 869 افراد کے ٹیسٹ مثبت آئے ہیں ۔ این سی او سی نے اعدادوشمار جاری کرتے ہوئے بتایا کہ ملک میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 8 لاکھ 67 ہزار 438 ہوگئی ہے اور 19 ہزار 210 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں ۔ تاہم 7 لاکھ 71 ہزار 692 صحت یاب بھی ہوئے ہیں اور فعال کیسز 75 ہزار 536 رہ گئے ہیں جن میں سے 5 ہزار 184 مریض ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں اور 623 وینٹی لیٹرز پر ہیں ۔ جبکہ گزشتہ روز مزید کسی کورونا مریض کی حالت تشویشناک نہیں ہوئی اور مجموعی طور پر 4707 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے ۔ ادھر ترجمان پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر پنجاب کے مطابق لاہور میں26 اور صوبہ میں مزید 63مریض جاں بحق ہوگئے ۔ جبکہ پنجاب میں کورونا وائرس کے 1266 نئے کیسز کے ساتھ تعداد 322117 ہو گئی اور لاہورمیں 476 نئے مریض سامنے آئے ہیں ۔ اس کے علاوہ ڈپٹی سیکرٹری ہائر ایجوکیشن پنجاب تنزیل الرحمان اور پختونخوا میں ڈی ایچ کیو ضلع دیر کے سینئر پیتھالوجسٹ ڈاکٹر فضل رحیم انتقال کرگئے ۔ ادھر ٹی وی کے مطابق پاکستان میں کورونا مریضوں میں مہلک بلیک فنگس کی تشخیص کا انکشاف ہوا ہے جس کے بعد اس فنگس سے اب تک چار افراد جاں بحق ہوچکے ہیں ، یہ فنگس دماغ اور پھیپھڑوں پر اثر انداز ہوتا ہے ۔