پنجاب :سرکاری سطح پر گندم کی خریداری کی تفصیلات طلب

پنجاب :سرکاری سطح پر گندم کی خریداری کی تفصیلات طلب

گندم خریداری کا عمل دوبارہ شروع ،اب تک 96فیصد ہدف حاصل مناسب سٹوریج کی ہدایات ،رواں سال قلت نہیں ہوگی، سینئروزیرخوراک

لاہور(اپنے سٹی رپورٹر سے )وزیر خوراک عبدالعلیم خان نے پنجاب بھر میں سرکاری سطح پر گندم کی خریداری کی تفصیلات طلب کر لی ہیں،عید کی تعطیلات کے بعدصوبے میں قائم خریداری مراکز پر گندم کی خرید اری کا عمل شروع ہو گیا ، اب تک 96فیصد ہدف حاصل کر لیا گیا جبکہ 108فیصد سے زائد باردانہ بھی تقسیم کیا جا چکا ہے ۔ اتوار کے روز خصوصی گفتگو میں عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ سوموار کو بینک کھلنے پر گندم کی خریداری میں مزید تیزی آئے گی اور پنجاب میں امسال گندم کا طے شدہ 35لاکھ میٹرک ٹن کا ہدف با آسانی حاصل کر لیا جائے گا۔انہوں نے کہا وزیر اعظم کی ذاتی دلچسپی سے کاشتکاروں کوگندم کی 1800روپے فی من قیمت ملی ہے جس سے ہمارے کسان خوش ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ محکمہ خوراک اور ضلعی انتظامیہ نے تعطیلات کے دوران بھی گندم کی خریداری کا کام جاری رکھا، پنجاب حکومت جلد100فیصد خریداری مکمل کر لے گی۔ محکمہ خوراک کو گندم کے مناسب سٹوریج کی بھی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں ۔ پنجاب حکومت فلور ملز کو ارزاں نرخوں پر گندم کی فراہمی یقینی بنائے گی اور آٹے کی قیمت مستحکم رکھنے کی بھرپور کوشش کرینگے ۔موسمی تبدیلیاں گندم کی کٹی ہوئی فصل کو متاثر کر سکتی ہیں لیکن پنجاب میں اس سال مجموعی طور پر فصل بہترین ہوئی جس کے باعث سرکاری اور نجی شعبے میں وافر مقدار میں گندم کی توقع ہے ، کسی قسم کی قلت نہیں ہوگی۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں