صدر سے چیئرمین نیب کی ملاقات،سالانہ رپورٹ پیش

صدر سے چیئرمین نیب کی ملاقات،سالانہ رپورٹ پیش

2020ء کے دوران 323 ارب 29 کروڑ کی ریکوری کی گئی،چیئرمین نیب ، ادارے نے بدعنوان عناصر کے خلاف جنگ لڑ کر عمدہ کام کیا ، عارف علوی

اسلام آباد (نامہ نگار،خصوصی نیوزرپورٹر) صدرمملکت عارف علوی سے چیئرمین نیب جسٹس (ر)جاوید اقبال نے ایوان صدرمیں ملاقات کی، جاوید اقبال نے نیب کی سالانہ رپورٹ 2020 ء صدر مملکت کو پیش کی اور انہیں کارکردگی کے بارے میں آگاہ کیا۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ 2020ء کے دوران 323 ارب 29 کروڑ روپے کی ریکوری کی گئی ہے ،انہوں نے بتایا کہ نیب کو 24 ہزار 706 شکایات موصول ہوئیں، گزشتہ سال سے انڈر پراسیس شکایات سمیت 30 ہزار 405 شکایات نمٹا دی گئیں، نیب نے 878 شکایات کی توثیق پر کارروائی کی، اس کے علاوہ 369 انکوائریز، 175 تفتیش کیں اورگزشتہ سال کے دوران احتساب عدالتوں میں 136 ریفرنسز دائر کیے ۔انہوں نے آگاہ کیا کہ سال 2020 ء کے دوران استغاثہ کی کامیابی کا مجموعی تناسب 66 فیصد تھا۔نیب کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے صدر مملکت نے کہااس ادارے نے بدعنوان عناصر کے خلاف جنگ لڑ کر اور ایک سال میں رقم وصول کر کے ایک عمدہ کام کیا ہے ۔ انہوں نے بدعنوانی سے پاک پاکستان کے ویژن کی تکمیل کے لئے احتساب کو یقینی بنانے کی مزید کوششوں کی ضرورت پر زور دیا اور چیئرمین نیب کو معاشرے سے بدعنوانی کے خاتمے کے لئے تنظیم کو مضبوط بنانے میں اپنی مکمل حمایت کا یقین دلایا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں