10سال بعد پاکستانیوں کیلئے کویت کے ویزے بحال

 10سال بعد پاکستانیوں کیلئے کویت کے ویزے بحال

پاکستانیوں کیلئے روزگار کے مواقع پیدا ہونگے :شیخ رشید، کویتی وزیراعظم سے گفتگو

اسلام آباد (نامہ نگار،دنیا نیوز) پاکستانیوں کیلئے بڑی خوشخبری، کویت نے 10 سال کے طویل عرصے کے بعد پاکستانی شہریوں کیلئے ویز ے کھولنے کا اعلان کر دیا ہے ۔ یہ اہم فیصلہ وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کی کویتی وزیراعظم شیخ صباح خالد الحامد الصباح سے ملاقات میں ہوا۔دونوں رہنماؤں کے درمیان دو طرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو ہوئی۔ وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کویتی وزیراعظم سے ویزا بحالی پر بات چیت کی جبکہ ا نہیں وزیراعظم عمران کا خصوصی مراسلہ بھی پیش کیا۔وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پاکستان اور کویت کے درمیان فیملی اور بزنس ویز ے فوری طور پر بحال کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔پاکستانی ورکرز کو معاہدے کے تحت کویتی ویزا بھی جاری کرنے کا فیصلہ ہوا ہے ۔ اس کے علاوہ میڈیکل اور آئل فیلڈ میں ٹیکنیکل ویزا پر بھی کوئی پابندی نہیں ہوگی۔ خلیجی ممالک میں رہنے والے پاکستانیوں کے لیے آن لائن ویزا کی سہولت بھی دستیاب ہوگی۔اس اہم اعلان کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کویتی وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہمارا پاکستان کیساتھ پیار اور اعتماد کا رشتہ ہے ۔ دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات انتہائی دیرینہ ہیں۔ باہمی تعلقات کی بنیاد باہمی بھائی چار ہ اور محبت ہے ۔وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ تمام پاکستانی کویت کو اپنا دوسرا گھرسمجھتے ہیں۔ پاکستانی خاندانوں اور کاروباری طبقے کو کویتی ویزا کی بندش سے بے پناہ مسائل درپیش تھے ۔ کویت کی اولین ترقی میں ہمارے کارکنوں کا بہت اہم کردار ہے ۔ ورکرز ویزا بحال ہونے سے پاکستانیوں کے لئے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہونگے جبکہ کاروباری ویزا بحالی سے دونوں ملکوں کے درمیان تجارت بڑھے گی۔اعدادوشمار کے مطابق سال 2010ء تک ایک لاکھ 80 ہزار پاکستانی کویت میں موجود تھے جبکہ 2011ء میں ویزوں پر پابندی کے بعد محض تین ہزار لوگ اس خلیجی ملک جا سکے ہیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں