بہت دن ہو گئے ‘سیاست نہیں انصاف کریں :ترین

بہت دن ہو گئے ‘سیاست نہیں انصاف کریں :ترین

اطلاع ہے علی ظفر کی رپورٹ میر ے لئے مثبت ، کسی سے ملاقات نہیں ہوئی افسر تبدیل کرنے پر ایف آئی اے کو نوٹس ، نیا جج تعینات ، ضمانت میں توسیع

لاہور(عدالتی رپورٹر، خبر نگار سے )جہانگیر ترین نے دعوی ٰ کیا ہے کہ علی ظفر نے تحقیقات مکمل کرلی ہیں، اطلاع ہے رپورٹ میرے لئے مثبت ہے حکومتی ذمہ دار سے کوئی ملاقات نہیں ہوئی،بہت دن ہو گئے ، میرے ساتھ سیاست نہیں انصاف کریں،سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جہانگیر ترین نے کہا کہ ہر بار نئی تاریخ مل جاتی ہے کوئی کارروائی نہیں ہورہی انصاف جب تاخیر کا شکار ہو تو انصاف نہیں ملتا انصاف کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے ، بے قصور ہیں ، علی ظفر کی رپورٹ منظر عام پر آنی چاہیے ، اطلاع ہے وہ رپورٹ میرے حق میں ہے کسی حکومتی ذمہ دار سے ملاقات نہیں ہوئی، ہمارے خلاف سیاست نہ کی جائے ،جہانگیر ترین نے کہا کہ میرا دامن صاف ہے احتساب سے گھبرانے والا نہیں ہوں،جہانگیر ترین کے ہمراہ اظہار یکجہتی کیلئے آنے والوں میں اراکین اسمبلی نذیر چوہان ،نعمان لنگڑیال ،عون چودھری، راجہ ریاض ،نذیر خان بلوچ ،چودھری زوار وڑائچ ،سلمان نعیم ،خرم خان لغاری اور اجمل چیمہ عدالت پہنچے ۔کینٹین پر جہانگیر ترین نے ساتھیوں سے ملاقات بھی کی اور اظہار یکجہتی کیلئے آنے والوں کا شکریہ ادا کیا،قبل ازیں عدالت نے عبوری درخواست ضمانت میں گیارہ جون تک توسیع کرتے ہوئے ایف آئی اے کو شوکاز نوٹس جاری کردیا ،ایڈیشنل سیشن جج حامد حسین نے جہانگیر ترین اور علی ترین کے خلاف منی لانڈرنگ کیس میں عبوری ضمانت کی درخواستوں پر سماعت کی ۔دوران سماعت جہانگیر ترین اور ان کے بیٹے نے عدالت کے روبرو پیش ہوکر حاضری مکمل کروائی،ایف آئی اے حکام نے عدالت میں بتایا کہ جہانگیر ترین اور علی ترین کی تحقیقات کرنے والے افسر کو تبدیل کردیا ،جلد نیا افسر تعینات کیا جائے گا پھر تحقیقات شروع ہوں گی، تاحال تفتیش مکمل نہیں ،جس پر عدالت نے ایف آئی اے حکام پر سخت اظہار برہمی کرتے ہوئے حیرانی کا اظہار کیا کہ اس سٹیج پر کیسے افسر ٹرانسفر کیا جا سکتا ہے ۔جس نے افسر کو ٹرانسفر کیا ہے اس کو شوکاز نوٹس جاری کررہا ہوں اگلی سماعت پر اس کا جواب چاہیے ۔ عدالت نے عبوری ضمانت میں 11 جون تک توسیع کردی ۔دوسری جانب بینکنگ کورٹ میں جعلی بینک اکاؤنٹس کے مقدمے میں جج تعینات نہ ہونے کے باعث جہانگیر ترین اور علی ترین کی عبوری ضمانت کی درخواست پرسماعت بغیر کارروائی 11 جون تک ملتوی کردی گئی۔جہانگیر ترین اور علی ترین کے خلاف منی لانڈرنگ کیس اور ایف آئی اے کے مقدمات پر سماعت کرنے کے لیے نئے جج کو تعینات کر دیا گیا ۔ جہانگیر ترین اور علی ترین کے کیسز کی سماعت کے دوران ایڈیشنل سیشن جج حامد حسین نے فریقین کو بتایا کہ یہ کیسز دوسری عدالت منتقل کر دیئے ہیں آئندہ ایڈیشنل سیشن جج احسن محبوب بخاری جہانگیر ترین کے کیسز پر سماعت کریں گے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں