بلوچستان کی ترقی کیلئے تعاون جاری رہیگا، دہشتگردوں کو امن خراب نہیں کرنے دینگے : آرمی چیف

بلوچستان کی ترقی کیلئے تعاون جاری رہیگا، دہشتگردوں کو امن خراب نہیں کرنے دینگے : آرمی چیف

سکیورٹی ، آپریشن تیاریوں ، پاک افغان ‘ پاک ایران سرحدوں پر باڑ لگانے کے عمل سمیت بارڈر مینجمنٹ پر تفصیلی بریفنگ ، فوج صوبے میں دیرپا امن و استحکام کے حصول کی ہرممکن کوششیں کرے گی، جنرل قمر باجوہ ،کور ہیڈکوارٹرز کوئٹہ کا دورہ

لاہور (نیوز ڈیسک)آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ بلوچستان کی ترقی کیلئے تعاون جاری رہے گا ، دہشتگردوں کو امن خراب نہیں کرنے دینگے ۔آرمی چیف نے گزشتہ روز کور ہیڈکوارٹرز کوئٹہ کا دورہ کیا جہاں ان کا استقبال کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی نے کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق اس موقع پر آرمی چیف کو سکیورٹی کی صورتحال، آپریشن تیاریوں ، پاک افغان اور پاک ایران سرحدوں پر باڑ لگانے کے عمل سمیت بارڈر مینجمنٹ پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ آرمی چیف کو حکومت بلوچستان کی سپورٹ کیلئے فوج کی جانب سے معاشی اقدامات اور امن و استحکام یقینی بنانے کیلئے قانون نافذ کرنیوالے اداروں کی استعداد بڑھانے کیلئے جاری اقدامات کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر آرمی چیف نے کہا کہ پاک فوج صوبے کی پائیدار سماجی و معاشی ترقی کیلئے دیرپا امن و استحکام کے حصول کی ہرممکن کوششیں کرے گی۔ انہوں نے کہاکہ دہشت گردوں کو عدم استحکام پید اکرنے کی اجازت نہیں دی جائیگی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ امن وامان یقینی بنانے کیلئے صوبائی حکومت کیساتھ مکمل تعاون کیا جائے گا ۔ انہوں نے افسروں اور جوانوں کی پرعزم کوششوں، کڑی نگرانی اور اعلیٰ مورال کو سراہا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں