معاشی و سفارتی محاذ پر کامیابیاں اپوزیشن کے منہ پر طمانچہ :فردوس

معاشی و سفارتی محاذ پر کامیابیاں اپوزیشن کے منہ پر طمانچہ :فردوس

بجٹ اپوزیشن کیلئے سرپرائز ہوگا،معاشی اشاریے خوشحال پاکستان کی نوید دے رہے حکومت نے ملکی تاریخ میں محصولات جمع کرنے کا ریکارڈ توڑ دیا :میڈیا سے گفتگو ، ٹویٹ

لاہور (سیاسی رپورٹرسے )وزیر اعلیٰ پنجاب کی معا ون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت پنجاب اور حکومت خیبر پختونخوا عوام، کاشتکار اور بزنس فرینڈلی بجٹ پیش کرنے جارہی ہیں ، اپوزیشن نے ملک میں ترقی کی شرح نمو کے بعد انگلیاں منہ میں ڈال لیں ، حکومت نے ملکی تاریخ کے اندر محصولات جمع کرنے کا ریکارڈ توڑ دیا ۔ پاکستان کو آگے لیکر چلنے اور پاکستان میں سرمایہ کاری کے معاشی اشا ریے خوشحال پاکستان کی نوید دے رہے ہیں ،بجٹ اپوزیشن کیلئے سرپرائز ہوگا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سیالکوٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ ماضی کے حکمرانوں نے قومی اثاثوں کو گروی رکھا،یہ وہ حکومت نہیں جو عوام اور خزا نے کو چونا لگائے ، انہوں نے کہا ماحول دوست پروگرام کے ذریعے ٹورازم کو پروموٹ کررہے ہیں۔ اپوزیشن جھوٹ کے ذریعے عوام کے مفادات سے کھیل رہی ہے ۔فردوس عاشق نے کہاکہ سیالکوٹ میں ضمنی الیکشن کا اعلان ہوچکا ۔پارٹی کی جانب سے امیدواروں سے درخواستیں طلب کی ہیں ، حتمی امیدوار جلد پی ٹی آئی میدان میں اتارے گی۔ انہوں نے کہاکہ پی پی 38کے مرحوم رکن صوبائی اسمبلی کی فاتحہ خوانی کیلئے آنے والے سیاست دانوں کیلئے کئی اور فورم موجود ہیں۔ وہ فاتحہ خوانی کی صف میں بھی عمران خان کو نہیں بھولے ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ الیکشن کمیشن اس کا نوٹس لے ۔ کورونا کے ساتھ الیکشن کروانے کیلئے ترجیحات طے کرنی ہونگی۔ ایک سوال کے جواب میں فردوس اعوان نے کہا کہ پی پی 38کیلئے سوچ سمجھ کرموزوں امیدوار کا انتخاب کیا جائے گا۔ یہ امیدوار ایسا ہوگا جو عوام کے اندر وقت گزارے ۔اپنے ٹویٹ میں فردوس عاشق نے کہاہے کہ کپتان کی قیادت میں معاشی و سفارتی محاذ پر ملنے والی تاریخی کامیابیاں اپوزیشن کے منہ پر زناٹے دار طمانچہ ہے ، ملکی معیشت سے مایوسی کے چھٹتے بادل اپوزیشن کی مایوسی اور بے بسی میں اضافہ کررہے ہیں، موجودہ اپوزیشن ذہنی پستی کی نئی حدوں کو چھوتی نظر آرہی ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں