ملازمین کیلئے 30 جون تک کورونا ویکسین لازمی ، ہفتے میں 6 روز کاروبار ، دفاتر میں مکمل حاضری کی اجازت ، جم کھولنے کا فیصلہ ، کل سے 18 سال کے افراد بھی ویکسی نیشن کراسکیں گے

ملازمین کیلئے 30 جون تک کورونا ویکسین لازمی ، ہفتے میں 6 روز کاروبار ، دفاتر میں مکمل حاضری کی اجازت ، جم کھولنے کا فیصلہ ، کل سے 18 سال کے افراد بھی ویکسی نیشن کراسکیں گے

15جون سے پبلک ٹرانسپورٹ میں70فیصدسواریوں اورمخصوص کھیلوں کی بھی اجازت،مزارات،سینما،ثقافتی ودیگرتقریبات پرپابندی برقرار،مزید 77جاں بحق،1118نئے مریض ویکسین لگوانے پرمراعات دینے پرغور،پنجاب میں ویکسی نیشن نہ کرانے والوں کاشاپنگ مالز،ریسٹورنٹس،پارکس،سرکاری دفاترمیں داخلہ بند اور موبائل سم کارڈبلاک کرنیکی تجویز

اسلام آباد،لاہور(خصوصی نیوز رپورٹر،اپنے سٹاف رپورٹرسے،نیوزایجنسیاں،مانیٹرنگ ڈیسک) نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر نے کورونا کے باعث عائد پابندیوں میں مزید نرمی کرتے ہوئے کاروبار 2 دن کی بجائے ایک دن بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے تاہم دن کا فیصلہ تمام صوبائی اکائیاں خود کریں گی جبکہ دفاتر میں پچاس فیصد حاضری کی پابندی بھی ختم کرکے ملازمین کی سو فیصد حاضری کا سلسلہ بحال کرنیکا فیصلہ کیا گیا ہے اور تمام سرکاری و نجی ملازمین کیلئے 30 جون تک ویکسین لگوانا لازمی قرار دیا گیا ہے ۔ وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر اور لیفٹیننٹ جنرل حمود الزمان کی زیر صدارت اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ملک بھر میں بڑے پیمانے پر ویکسی نیشن مہم تین جہتی حکمت عملی کے تحت چلائی جائے گی، تمام شہریوں کو رضاکارانہ طور پر ویکسی نیشن کی ترغیب دی جائے گی، تمام سرکاری اور نجی شعبے کے ملازمین کیلئے ویکسی نیشن لازمی ہوگی۔ اس سلسلے میں پبلک سیکٹر کے تمام ملازمین کو 30 جون 2021 تک ویکسی نیشن کا عمل مکمل کرنا لازمی ہو گا۔ 11 جون سے اتوار کے سوا دیگر دنوں میں روزانہ ویکسی نیشن کے تمام مراکز صبح 8 سے رات 10 بجے تک کھلے رہیں گے ۔ ویکسی نیشن کے عمل کی حوصلہ افزائی کرنے کیلئے این سی او سی مختلف مراعات متعارف کرانے پر غور کررہی ہے ۔ علاوہ ازیں 11 جون سے 18 سال تک کے شہری واک ان ویکسی نیشن کی سہولت حاصل کرسکیں گے ۔ اسی طرح انڈور جمز کو کھولنے کا جزوی فیصلہ کرتے ہوئے طے کیا گیا کہ ان میں صرف ویکسی نیشن کرانے والے ممبرز کو جانے کی اجازت ہوگی۔ صرف مخصوص کھیلوں کی اجازت ہوگی جن میں کھلاڑیوں کا آپس میں براہ راست رابطہ نہیں ہوتا تاہم کراٹے ، باکسنگ، ایم ایم اے ، رگبی، کبڈی، ریسلنگ، واٹرپولو، تہوار و ثقافتی اور دیگر تقریبات پر پابندی عائد ہوگی۔ مزارات اور سینما پر بھی پابندی برقرار رہے گی۔ پبلک ٹرانسپورٹ کیلئے 50 فیصد سواریوں سے متعلق پابندی کو کم کرکے 70 فیصد کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ اعلامیہ میں مزید کہا گیا کہ این سی او سی کی جانب سے تفریح، تعلیم کے شعبے ، ماسک کی پابندی کے ایس او پی، ریلوے اور اندرون ملک مسافروں کی پالیسی کے بارے میں پہلے سے اعلان کردہ حالیہ پابندیاں اگلے احکامات تک برقرار رہیں گی۔ فیصلوں کا اطلاق 15 جون سے ہوگا۔ ادھر پنجاب حکومت نے لازمی ویکسی نیشن کے سلسلہ میں پابندیوں سے متعلق تجاویز تیار کرلی ہیں۔ حفاظتی ٹیکے نہ لگانے والوں کا شاپنگ مالز، ریسٹورنٹس، پارکس، سرکاری دفاتر میں داخلہ بند کرنے اور موبائل سم کارڈ بلاک کرنے کی تجویز بھی زیر غور ہے ۔ یہ تجاویز صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں کورونا کی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے اعلیٰ سطح کے اجلاس کے دوران پیش کی گئیں۔ اس موقع پر اپنے خطاب میں ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ لوگوں کی صحت اور زندگیوں کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔ صوبہ بھر میں ویکسی نیشن کے ہدف کو ہر صورت پورا کیا جائے گا۔ چیف سیکرٹری پنجاب نے کہا ویکسی نیشن کے اہداف پورا نہ کرنے والے اضلاع کے افسران سے باز پرس ہوگی۔ بعد ازاں اسد عمر نے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہم ملک میں کورونا وائرس سے بچاؤ کی ایک کروڑ ویکیسن لگانے میں کامیاب ہوچکے ہیں۔ تقریباً 70 لاکھ سے زائد افراد کو ویکسین لگائی جاچکی ہے ۔ حکومت کا ہدف ہے کہ رواں برس کے اختتام یعنی دسمبر 2021 تک 7 کروڑ افراد کو ویکسین لگائی جائے جس کیلئے ابھی بہت محنت کی ضرورت ہے ۔ دوسری جانب ملک میں گزشتہ روز کورونا وائرس سے مزید 77 افراد جاں بحق ہوگئے اور 1118 نئے مریض سامنے آئے ہیں۔ این سی او سی کی جانب سے جاری اعداد وشمار کے مطابق متاثرہ کیسز کی تعداد 9 لاکھ 36 ہزار 131 ہوچکی ہے اور 21 ہزار 453 جاں بحق ہوئے ہیں تاہم 8 لاکھ 69 ہزار 691 افراد صحت یاب بھی ہوئے ہیں اور فعال کیسز 44 ہزار 987 ہیں جن میں سے 3280 مریض ہسپتالوں میں زیرعلاج اور 371 وینٹی لیٹرز پر ہیں۔ اسلام آباد میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران ایک مریض کورونا وائرس سے جاں بحق ہوا۔ ادھر ترجمان پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر پنجاب کے مطابق لاہور میں کورونا سے 13 اور صوبہ میں 48 مریض جاں بحق ہوگئے جبکہ پنجاب میں کورونا وائرس کے 226 نئے کیسز کے ساتھ تعداد 343031 ہوگئی، لاہور میں 103 نئے مریضوں کی تصدیق ہوئی ہے ۔ دنیا نیوز کے مطابق 24 گھنٹے کے دوران خیبرپختونخوا کے ضلع چارسدہ، پنجاب کے دو اضلاع گجرات، جہلم میں کورونا کیسز کی شرح صفر رہی۔ ذرائع وزارت صحت کے مطابق ملک کے 16 اضلاع کورونا کے حوالے سے اہم ہیں، پنجاب کے 8، خیبر پختونخوا کے 7 اضلاع کورونا کے حوالے سے اہم ہیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں