معطلی سزا نہیں، حادثے کے ذمہ داروں کو لٹکاؤں گا:سواتی
ڈہرکی میں63قیمتی جانیں گئیں،میں اور ریلوے کے افسران اس کے ذمہ دار ہیں
لاہور(اپنے کامرس رپورٹر سے ،سپیشل رپورٹر) وزیر ریلوے اعظم خان سواتی نے کہا حادثات پر معطلی کوئی سزا نہیں جو افسران حادثے کے ذمہ دار ہوئے ان کو لٹکائوں گا،ڈہر کی حادثے میں 63 قیمتی جانیں گئی ہیں میں اور ریلوے کے افسران اس کے ذمہ دار ہیں، مجرموں کو ملازمت سے نکالا جائے گا اور ان کی ساری مراعات بھی ضبط کی جائیں گی،ان خیالات کا اظہار انہوں نے ریلوے انتظامیہ کی طرف سے لاہور ریلوے سٹیشن گرین لائن ویٹنگ ہال میں ریلوے ملازمین کیلئے ویکسی نیشن سنٹر کے افتتاح پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا،انہوں نے کہا 30 جون سے پہلے تمام ملازمین کی ویکسی نیشن کا ہدف پورا کر لیا جائے گا،دریں اثنا پی ٹی آئی شمالی لاہور آفس لارنس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا ٹرین حادثہ پر دل خون کے آنسو رو رہا ہے تیس سال میں جو ریلوے کے ساتھ ہو ا وہ قدموں پر کھڑا ہونے کے قابل نہیں،ہمیں ہر حال میں ایم ایل ون کی طرف جانا پڑیگا،وزیر اعظم سے پیر کو ملاقات کرونگا ، اسد عمر بھی ملاقات میں موجود ہونگے ، وزیر اعظم سے ملاقات میں ریلوے کے مسائل کا حل لے کر ہی اٹھوں گا۔علاوہ ازیں وزیر ریلوے اعظم سواتی نے ریلوے سکریپ گودام پر رات گئے چھاپہ مارا،متعدد ملازمین ڈیوٹی کے اوقات میں گودام سے غائب پائے گئے ، وزیر ریلوے نے گودام کا مکمل ریکارڈ طلب کر لیا ۔