ویکسی نیشن کرانیوالوں کو ریسٹورنٹس میں داخلے کی اجازت

ویکسی نیشن کرانیوالوں کو ریسٹورنٹس میں داخلے کی اجازت

76مزید اموات ،1303نئے مریض، لاہور 11،پنجاب میں39جاں بحق

لاہور،اسلام آباد(اپنے نامہ نگارسے ،اپنے سٹاف رپورٹر سے ،نیوز ایجنسیاں، مانیٹرنگ ڈیسک)ملک میں کورونا سے مزید 76افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ 1303نئے مریض رپورٹ ہوئے ہیں ، وزیر صحت یاسمین راشد کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں کورونا صورتحال پر جائزہ اجلاس ہوا،جس میں کوروناکے تدارک اور ویکسی نیشن کا عمل تیزکرنے کیلئے اہم فیصلے کئے گئے ، 12جون سے پنجاب بھرمیں 18سال سے زائد عمر کے افرادکی واک اِن ویکسی نیشن کی جائے گی،اہم مزارات کے باہرموبائل ویکسی نیشن کیمپ قائم کئے جائیں گے ،20فیصدآبادی کی ویکسی نیشن کروانے والے تمام اضلاع میں مکمل کاروبار کھولے جائیں گے ،محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیر عوام کی سہولت کی خاطرنوٹیفکیشن بھی جاری کرے گا،ادھر کیبنٹ کمیٹی برائے کورونا کی سفارشات کے مطابق پنجاب بھر میں لاک ڈائون آرڈرز کی تفصیلات جاری کر دی گئیں جس کے مطابق نوٹیفکیشن 15 جون سے 30 جون تک نافذ العمل رہے گا،تمام مزارات پر صرف ویکسینیٹڈ لوگوں کو آنے کی اجازت ہو گی،تمام مارکیٹس کے کاروباری اوقات رات 8 بجے تک ہوں گے ،سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر سارہ اسلم کے مطابق30 سال سے کم عمر لوگوں کو مزارات جانے کی اجازت نہیں ہو گی،ہفتے کو سرکاری و نجی دفاتر میں کام کی اجازت ہو گی جبکہ اتوار کو مکمل چھٹی ہو گی،150 افراد کی گنجائش کے ساتھ آئوٹ ڈور شادی کی تقریبات کی اجازت ہو گی، تمام دفاتر کو پورے عملے کے ساتھ کام کرنے کی اجازت ہوگی، وفاقی حکومت کابینہ اجلاس میں ویکسی نیشن نہ کرانے والوں کیخلاف سخت اقدامات سے متعلق تجاویز پر غور کرے گی ، ادھر نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر (این سی اوسی)کی جانب سے جاری کیے گئے اعدادو شمار کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید 76 افراد جاں بحق ہو نے کے بعد اموات کی تعداد 21 ہزار 529 ہوگئی، پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 9 لاکھ 37 ہزار 434 ہوگئی،ملک بھر میں 41ہزار 824افراد کے ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 1303افراد کے ٹیسٹ مثبت آئے ،ملک میں کورونا کیسز کی شرح 3.1ریکارڈ کی گئی ۔ این سی اوسی کے مطابق اب تک پاکستان میں 1کروڑ 1لاکھ 86ہزار 36کورونا خوراکیں لگائی جاچکی ہیں ۔ترجمان پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر پنجاب کے مطابق گزشتہ روز لاہور میں11جب کہ صوبے میں39مریض جاں بحق ہوگئے ،پنجاب میں کورونا وائرس کے 221 نئے کیسزکے تعداد 3لاکھ 43ہزار 252 ہو گئی،سب سے زیادہ لاہورمیں 80کیسز رپورٹ ہوئے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں