شدید گرمی،3افراد جاں بحق، سکولوں کے اوقات کار تبدیل

شدید گرمی،3افراد جاں بحق، سکولوں کے اوقات کار تبدیل

لاہور کا درجہ حرارت 43،دالبندین کا سب سے زیادہ 48ڈگری ،شام کو آندھی

اسلام آباد،لاہور(اپنے رپورٹرسے ،نیوز رپورٹر،ایجوکیشن رپورٹر،لیڈی رپورٹر،نمائندگان دنیا)ملک کے کئی علاقے شدید گرمی کی لپیٹ میں رہے ،3 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ سکولوں کے اوقات کار تبدیل کردیئے گئے ۔ چیچہ وطنی کی کرسچن کالونی کا رہائشی نوجوان سلیم مسیح گرمی کی شدت برداشت نہ کرتے ہوئے دم توڑ گیا۔ نارنگ منڈی میں 2 ضعیف العمر افراد نثار احمد اور حاجی خالد محمود جاں بحق ہوگئے ۔ مختلف تعلیمی اداروں میں درجن سے زائد بچوں کی گرمی کے باعث حالت غیرہوگئی۔ گرمی کی شدت کے پیش نظر وزیر تعلیم پنجاب ڈاکٹر مراد راس نے صوبہ بھر میں سکولوں کے اوقات کار تبدیل کرنے کا اعلان کردیا۔ وزیر تعلیم کے ٹویٹ کے مطابق صوبہ بھر کے سکول اب صبح 7 بجے سے لے کر 11:30 تک کھلیں گے ۔ نئے اوقات کار کا اطلاق تمام سرکاری و نجی تعلیمی اداروں پر ہوگا۔ ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ میٹرو پولیٹن کارپوریشن اسلام آباد ڈاکٹر حسن عروج نے سرکاری و نجی تعلیمی اداروں میں موسم گرما کی تعطیلات یا کلاسوں کے اوقات شام کو رکھنے کی ایڈوائزری جاری کردی۔ فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن اور پرائیویٹ ایجوکیشن انسٹی ٹیوشن ریگولیٹری اتھارٹی کو جاری کردہ ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ اسلام آباد کا درجہ حرارت جون کے دوسرے سے تیسرے ہفتے کے دوران 40 ڈگری سینٹی گریڈ سے زیادہ رہے گا۔ اسلام آباد میں تعلیمی اداروں میں چھٹیاں دی جائیں یا سکول کے اوقات کار شام ساڑھے 5 تا رات ساڑھے 8 بجے تک کئے جائیں۔ گزشتہ روز بھی سورج دن بھر آگ برساتا رہا تاہم رات کو لاہور سمیت کئی علاقوں میں آندھی اور تیز ہوائیں چلیں جس سے گرمی کی شدت قدرے کم ہوئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم شدید گرم اور خشک رہے گا تاہم شام یا رات کے اوقات میں خطہ پوٹھوہار، نارووال، سیالکوٹ، گوجرانوالہ، لاہور اور میانوالی میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے ۔ چند مقامات پر موسلادھار بارش اور ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے ۔ اسلام آباد میں بھی دن کے وقت موسم شدید گرم اور خشک رہے گا تاہم شام یا رات کے اوقات میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے ۔ کراچی سمیت ساحلی علاقوں میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے ساتھ رات اور صبح کے اوقات میں بوندا باندی کی توقع ہے ۔ گزشتہ روز زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت نوکنڈی، دالبندین 48، سبی، پشاور، اٹک 47، بنوں 46، اسلام آباد، سکھر 45، ڈیرہ غازی خان 44، لاہور، چکوال، فیصل آباد 43، ملتان 42، کوئٹہ 41، حیدرآباد 39 اور کراچی میں 36 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں