آزادکشمیر: 25جولائی کو عام انتخابات ،شیڈول جاری

آزادکشمیر: 25جولائی کو عام انتخابات ،شیڈول جاری

کاغذات نامزدگی جمع کروانے کی آخری تاریخ21جون ،تبادلوں پر پابندی

مظفرآباد(بیورورپورٹ،صباح نیوز)الیکشن کمیشن آزاد جموں وکشمیر نے قانون ساز اسمبلی کے عام انتخابات 2021کے لئے شیڈول کا اعلان کر دیا۔ عام انتخابات 25جولائی 2021بروز اتوار ہوں گے ۔ ان انتخابات میں 45براہ راست انتخابات کے ذریعے منتخب ہونے والے اراکین قانون ساز اسمبلی کے لیے آزاد کشمیر سے اٹھائیس لاکھ سترہ ہزار نوے ووٹرز اور مہاجرین جموں وکشمیر مقیم پاکستان سے چار لاکھ دو ہزار چار سو اکتالیس ووٹر ز حق رائے دہی استعمال کریں گے ۔ چیف الیکشن کمشنر آزاد جموں وکشمیر جسٹس (ر) عبدالرشید سلہریا نے الیکشن شیڈول کا اعلان کیا۔ ریٹرننگ آفیسرز کے پاس کاغذات نامزدگی جمع کروانے کی آخری تاریخ اکیس جون 4بجے شام تک ہے ۔کاغذات کی جانچ پڑتال با ئیس جون کو ہوگی ، الیکشن کمیشن آزاد کشمیر کے پاس کا غذات نا مزدگی کی قبولیت یا مستردگی کے خلاف اپیل ستائیس جون 2بجے سے پہلے ، اپیلوں کی سماعت اٹھا ئیس جون کو ہو گی ،کاغذات نامزدگی کی واپسی دو جو لا ئی کو اور انتخابی نشانات کی الاٹمنٹ چار جو لا ئی کو ہو گی ، حتمی فہرست کی انتخابی نشانات کے ساتھ اشاعت چار جو لا ئی کو ہو گی اور پو لنگ پچیس جو لا ئی صبح 8بجے سے شام 5بجے تک ہو گی۔ ادھر الیکشن کمیشن نے شیڈول کے اعلان کے بعد ہرقسم کے سرکاری ملازمین کے تبادلوں پر پابندی عائد کردی ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں