بجٹ سے خوشخبری اور ٹھنڈی ہوا کا جھونکا ملے گا: فردوس

بجٹ سے خوشخبری اور ٹھنڈی ہوا کا جھونکا ملے گا: فردوس

بہترین بجٹ ،مزدور، کسان، سرکاری ملازمین سمیت ہر طبقے کو ریلیف دیا

لاہور( سیاسی رپورٹرسے )معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب فردوس عاشق نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت نے وزیراعظم عمران خان کے ویژن اور قیادت کی بدولت مالی سال 2021-22ء کے لئے عوامی امنگوں کے مطابق بہترین بجٹ پیش کیا ۔ وفاقی بجٹ میں مزدور، کسان، سرکاری ملازمین، تاجر، ہنرمند سمیت ہر طبقے کو ریلیف فراہم کیا گیا اور اس بجٹ میں عوام کے مسائل کے حل کے لئے حکومتی ترجیحات اپنی عملی شکل میں سامنے آ گئی ہیں۔ پنجاب کے عوام کو بھی بجٹ سے خوشخبری اور ٹھنڈی ہوا کا جھونکا ملے گا۔ پی ٹی آئی حکومت نے اقتدار میں آ کر جس طرح کرپشن کے آگے بند باندھا ہے ، اس نے ملک میں ترقی خوشحالی اور آگے بڑھنے کی ٹھوس بنیادیں استوار کر دی ہیں۔ ڈی جی پی آر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے معاون خصوصی نے کہا کہ ماضی کے حکمرانوں نے کرپشن، اقرباپروری، قبضہ کلچر اور لوٹ مار مچا رکھی تھی۔ اس لوٹ کھسوٹ نے ہماری ترقی کا راستہ مسدود کر رکھا تھا۔اینٹی کرپشن کے ادارے کو ن لیگ کے دور حکومت میں پولیو زدہ کرکے شاہی خاندان کے تابع بنایا گیا۔ بدقسمتی سے پنجاب کے اندر دس سال سے کرپشن پروان چڑھتی رہی۔انہوں نے کہا کہ حکومت صحافی برادری کو کسی طور پر مایوس نہیں کرے گی۔ہمیں ٹکراؤ کی طرف نہیں جانا اور مسائل کا حل نکالنا ہے ۔میں وزیراعلیٰ آفس اور صحافی برادری کے درمیان پُل کا کردار ادا کروں گی۔ایک سوال کے جواب میں معاون خصوصی نے کہا کہ ایف آئی اے نے آج عدالت میں کہا کہ تحقیقات کا عمل جاری ہے اس لئے جہانگیر ترین کی گرفتاری مطلوب نہیں ۔اس وجہ سے جہانگیر ترین نے ضمانت واپس لے لی ۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ کرپشن ختم نہیں ہوئی تاہم کرپشن کرنے والے عمران خان کے خوف میں مبتلا ہو گئے ہیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں