ابھرتے خطرات کے پیش نظر حقیقت پسندانہ اور مستقبل کی تربیت لازمی ہے، آرمی چیف

ابھرتے خطرات کے پیش نظر حقیقت پسندانہ اور مستقبل کی تربیت لازمی ہے، آرمی چیف

سیالکوٹ اور کوٹلی کا دورہ، فوجیوں نے ہنگامی حالات میں جوابی آپریشنل کارروائیوں کے مظاہرے کئے جنرل قمر باجوہ کو مشقوں پر بریفنگ ، فوجیوں کی محنت، اعلیٰ مورال اورمہارت کی تعریف کی:آئی ایس پی آر

لاہور (نیوز ڈیسک)آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ ابھرتے خطرات کے پیش نظر آپریشنل تیاری کو برقرار رکھنے کیلئے حقیقت پسندانہ اور مستقبل کی تربیت لازمی ہے ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے گزشتہ روز سیالکوٹ اور کوٹلی کا دورہ کیا سیالکوٹ میں آرمی چیف نے کور کی سطح کی جنگی مشقوں کے اختتامی سیشن میں شرکت کی، جہاں انہیں مشق کی منصوبہ بندی کے پہلوؤں اور انہیں انجام دینے کے طریقوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ یہ جنگی مشقیں پاک فوج کے آپریشنل اور پلاننگ احکامات کے مطابق روایتی میدان جنگ کے ماحول میں ایک کور کے دفاعی آپریشنز کے سلسلے کی کڑی تھیں۔ آرمی چیف نے مختلف نوع کے ابھرتے خطرات کے پیش نظر مستقبل کی واضح تدابیر کیلئے متفرق جوابی قابل عمل آپشنز کے موزوں اطلاق اور ٹھوس منصوبہ بندی کی تعریف کی۔ قبل ازیں سیالکوٹ پہنچنے پر آرمی چیف کا استقبال کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل سید عاصم منیر نے کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے کوٹلی کے قریب کور سطح کی فوجی مشق ‘‘تسخیر جبل ’’ کی اختتامی تقریب میں بھی شرکت کی، اس موقع پر آرمی چیف کو جاری مشق کے طریقہ کار کے بارے میں بریفنگ دی گئی جن کا مقصد پہاڑی و نیم پہاڑی علاقے میں فارمیشنوں کی مختلف دفاعی و جارحانہ چالوں میں تیاری بڑھانا ہے ۔ اس موقع پر زیر تربیت فوجیوں نے مختلف ہنگامی حالات میں جوابی آپریشنل کارروائیوں و چالوں کے مظاہرے کئے ۔ آرمی چیف نے تربیتی مشق میں شریک فوجیوں سے ملاقات بھی کی۔ آرمی چیف نے فوجیوں کی محنت ، اعلیٰ مورال اور پیشہ و رانہ مہارت کی تعریف کی اور فوجی مشق کے انعقاد پر اطمینان کا اظہار کیا۔ اپنے ریمارکس میں انہوں نے کہا کہ ابھرتے خطرے کے پیش نظر آپریشنل تیاری کو برقرار رکھنے کیلئے قبل از وقت حقیقت پسندانہ جواب ناگزیر ہے ۔ قبل ازیں کوٹلی پہنچنے پر آرمی چیف کا استقبال کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل اظہر عباس نے کیا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں