نیب: خورشید شاہ کے بیٹے نے گرفتاری دیدی ، 2 روزہ جسمانی ریمانڈ

نیب: خورشید شاہ کے بیٹے نے گرفتاری دیدی ، 2 روزہ جسمانی ریمانڈ

سپریم کورٹ نے تین دن کے اندر احتساب عدالت کے سامنے سرنڈر کا حکم دیا تھا ،نیب کل ملزم کو عدالت میں پیش کریگا ملزم فرخ شاہ کئی املاک کا بینیفشری ،جو خورشیدشاہ سے حاصل کیں ، تحقیقات کے بعد ملوث ہونے کا انکشاف ہوا :نیب اعلامیہ

سکھر ( نیوز ایجنسیاں ، دنیا نیوز)پیپلزپارٹی کے رہنماخورشید شاہ کے صاحبزادے ایم پی اے فرخ شاہ نے سپریم کورٹ کے حکم پر عدالت میں جاکر گرفتاری دیدی ، عدالت نے دو روزہ جسمانی ریمانڈ پر فرخ شاہ کو نیب کے حوالے کر دیا ۔ احتساب عدالت کے جج کے رخصت پر ہونے کی وجہ سے کارروائی سیشن کورٹ میں ہوئی۔ ایم پی اے فرخ شاہ انکے والد پیپلزپارٹی رہنما خورشید شاہ ،بھائی زیرک شاہ ، بہنوئی صوبائی وزیر اویس شاہ سمیت 18 افراد کے خلاف سکھر کی احتساب عدالت میں ایک ارب 23 کروڑ روپے سے زائد کے اثاثے بنانے کے الزام میں نیب ریفرنس زیر سماعت ہے جس میں ضمانت کے لیے ایم پی اے فرخ شاہ نے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کررکھی تھی ۔گزشتہ دنوں سماعت کے موقع پر سپریم کورٹ نے ان کو تین دن کے اندر خود کو احتساب عدالت کے سامنے سرنڈر کرنے کا حکم دیا تھا اور آج 3 دن پورے ہونے پر انہوں نے احتساب عدالت کے جج کے رخصت ہونے کی وجہ سے تھرڈ ایڈیشنل سیشن جج کی عدالت میں پیش ہوکر خودکو سرنڈر کردیا۔عدالت میں پیشی کے موقع پرپیپلزپارٹی کے کارکنوں نے ان کا شاندار استقبال کیا اور ان پر پتیاں نچھاور کیں۔اس موقع پر سندھ کے صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ سندھ سید اویس قادر شاہ بھی ان کے ہمراہ تھے ۔ سماعت کے دوران نیب حکام کے پیش نہ ہونے پر عدالت نے انہیں طلب کرلیا اور بعدازاں سماعت کی۔ سماعت کے دوران وکلاء کے دلائل کے بعد عدالت نے فیصلہ محفوظ کرلیا جو بعد میں سناتے ہوئے جج نے دو روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کو فرخ شاہ کو حراست میں لینے کے احکامات جاری کردیئے ۔ نیب نے فرخ شاہ کو حراست میں لے لیا اور 14 جون کواحتساب عدالت میں پیش کرنے کے احکامات جاری کئے ۔ نیب اعلامیہ کے مطابق نیب سکھر نے سیدخورشید شاہ اور دیگر 17 ملزموں کے خلاف آمدن سے زائد اثاثے بنانے پر دسمبر 2019میں عبوری ریفرنس دائر کیا۔ان اثاثوں کی مجموعی مالیت1300ملین روپے ہے ۔تحقیقات کے دوران ملزم سید فرخ احمد شاہ کے ملوث ہونے کا انکشاف ہوا۔چیئرمین نیب نے 21اپریل 2020 کو اس کے وارنٹ گرفتاری جاری کئے ۔ملزم کئی املاک کا بینیفشری ہے جو اس نے مرکزی ملزم خورشید شاہ سے حاصل کیں۔متعدد املاک کے علاوہ لاکھوں روپے کا بینیفشری ہے جو مختلف ٹھیکیداروں نے اس کے اکاؤنٹ میں جمع کروائے ۔ملزم کو جسمانی ریمانڈ کیلئے مجاز حکام کے سامنے پیش کیا جائے گا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں