ہمارے کارکنوں کے بیٹوں کو گرفتار کیا جائیگا توہم بھی انکے بیٹے پکڑیں گے، بلاول
اپوزیشن جماعتوں کے سیاسی اختلافات ہو سکتے پارلیمنٹ میں ایک پیج پر، حکومت کو ٹف ٹائم دینگے :پریس کانفرنس مہنگائی ، بیروزگاری، غربت تاریخی تو بجٹ کیسے عوامی :بیان ،حکومت نے بجٹ میں جھوٹ سے کام لیا :پرویز اشرف
اسلام آباد، کراچی، مردان، فیصل آباد (سٹاف رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک ) پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نے سینئر پی پی رہنما خورشید شاہ کے بیٹے ایم پی اے فرخ شاہ کی گرفتاری پر انتباہی انداز میں کہا ہے کہ جو پی پی کارکنوں کے بیٹوں کو پکڑے گا،اس کے بیٹے بھی پکڑے جائیں گے ۔ جگہ جگہ پیپلز پارٹی کی حکومت آرہی ہے ، ہم اصلی احتساب کریں گے ۔مردان میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلاول نے خورشید شاہ کے بیٹے فرخ کی گرفتاری پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ سمجھتے ہیں کی ہمارے جیالوں کو ڈرا دھمکا کے نیب کے کیسز بنائیں گے ، ہمار ا امیدوار گھبرانے والا نہیں ہے ہم پیچھے نہیں ہٹنے والے ہے ، یاد رکھیں میرے کارکنوں کے بیٹوں کوگرفتار کیا تومیں بھی آپ کے بیٹوں کوگرفتارکرونگا، ایسی سیاست کوختم ہونا چا ہئے ،عمران خان اور ان کے وزیر اتنے شرمندہ ہیں کہ وہ غربت اور بے روزگاری کے اعداد و شمار کو اپنے معاشی سروے سے بالکل غائب کردیا ۔ وہ سمجھتے ہیں کہ عوام سے اصل اعداد و شمار چھپا سکتے ہیں، وہ عوام سے یہ اعداد وشمار چھپانا چاہتے ہیں کہ ملک میں مہنگائی اور بے روزگاری تاریخی سطح پر ہے ۔ نئے وزیر خزانہ جو باتیں کررہے تھے ، اس سے لگ رہا تھا کہ وہ کسی اور ملک کے بجٹ اور معیشت کے بارے میں بات کررہے ہیں۔ ملک جہاں عوام تاریخی، بیروزگاری اور مہنگائی کا سامنا کررہے ہیں، اسی ملک کا وزیر اعظم اور وفاقی وزیر خزانہ معاشی ترقی کی جو بات کرتے ہیں، اس میں کوئی وزن نہیں ہے اور وہ مصائب سے دوچار عوام کے زخموں پر نمک چھڑک رہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کی بنیاد پیپلزپارٹی نے رکھی، اگرہم نے جمہوریت کوبحال کرنا ہے توپھرشفاف ا لیکشن ہونا چاہیے ، اپوزیشن جماعتوں کے سیاسی اختلافات ہو سکتے لیکن پارلیمنٹ میں ایک پیج پرہے ، پارلیمنٹ میں حکومت کو ٹف ٹائم دیں گے ، قبائلی علاقوں کوضم کرلیا گیا لیکن ان سے وعدوں کوپورا نہیں کیا گیا۔بلاول نے کہا کہ تحت بھائی آنے کا مقصدپیپلزپارٹی کے کارکنوں سے کچھ وقت گزار سکوں ،اگرہم سینیٹ میں بائیکاٹ کرتے توآج پی ٹی آئی کے پاس اکثریت ہوتی، ہمارے اتحادیوں نے استعفے ، بائیکاٹ کی غلطی کوتسلیم کیا ہے بلاول نے بجٹ 2021 کو عوام پر معاشی حملہ قرار دیتے ہوئے سوال اٹھایا کہ اگر مہنگائی تاریخی ہے ، بیروزگاری تاریخی ہے ، غربت تاریخی ہے تو بجٹ کیسے عوامی ہوسکتا ہے ، بیان میں انہوں نے کہا کہ جب پی ٹی آئی عوام دشمن بجٹ پیش کررہی تھی تو پارلیمان کے باہر سرکاری ملازمین مہنگائی کی دہائیاں دے رہے تھے ، سال بدل گیا مگر عوام کے حالات نہ بدلے ، بجٹ آگیا مگر غریب کے گھر کا چولہا آج تک بجھا ہوا ہے ، انہوں نے کہا کہ عوام جان چکے ہیں کہ بڑی بڑی باتیں کرنا عمران خان کی عادت ہے ، وزیراعظم عام آدمی کو ریلیف فراہم کرنے میں مکمل ناکام ہوچکے ، اس موقع پر چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے یہ بھی واضح کیا کہ بجٹ 2021 کو پیش کرکے عمران خان نے اپنا غریب دشمن اور عوام دشمن ایجنڈا واضح کردیا اورپیپلزپارٹی عمران خان کو عوام کے معاشی قتل عام کی اجازت نہیں دے گی۔فیصل آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے رہنما اور سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ حکومت نے بجٹ میں دھوکے اور جھوٹ سے کام لیا ، سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں صرف 10 فیصد اضافہ مذاق ہے ، انہوں نے کہا حکومت نے بجٹ میں غریب عوام کے ساتھ مذاق کیا ، بجٹ کا شکار ہمیشہ پسا ہوا طبقہ ہوتا ہے ، موجودہ حکومت کا سارا نظام جھوٹ پر مبنی ہے ۔یہ حکومت میں صرف جھوٹ جھوٹ اور جھوٹ ہے ،ہم بجٹ کو مکمل طور پر مسترد کرتے ہیں ۔مہنگائی کہاں پہنچ گئی ہے ۔ پیپلز پارٹی کے ناراض لوگوں کو واپس لائیں گے ، ہم سب اپوزیشن جماعتیں بجٹ کی بھرپور مخالفت کریں گے ۔