بارشیں ، حادثات،15جاں بحق،آج بھی بادل برسنے کا امکان
تیز ہوا کے باعث درخت کار پر گرنے سے 3‘آسمانی بجلی سے 12ہلاکتیں ہوئیں سندھ، پنجاب کشمیر میں رواں سال معمول سے زیادہ بارشیں ہونگی :محکمہ موسمیات
اسلام آباد،مری،تورغر،صوابی(دنیا نیوز، نمائندہ دنیا، نیوزایجنسیاں)ملک کے مختلف علاقوں میں بارش کے باعث15افرادجاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے جبکہ محکمہ موسمیات نے آج مزید بارش اور سندھ، پنجاب، کشمیر میں معمول سے زیادہ مون سون سیزن کی نوید سنادی ، سیاحتی مقام شوگراں میں گاڑی کا ٹائر تبدیل کیا جارہا تھا،تیز ہوا کے باعث درخت اکھڑ کر گاڑی پر گرنے سے 3افراد عاقب شاہ،امیر حمزہ اور عدیل جاں بحق ہو گئے ۔واقعہ میں حسنین شدید زخمی ہوا۔علاوہ ازیں تورغر اور صوابی میں آسمانی بجلی گرنے سے خاتون ا ور بچے سمیت 4افرادجاں بحق اورمتعددزخمی ہوگئے ۔ شنگلداراورسدوخان میں دوالگ الگ مقامات پرآسمانی بجلی گرنے سے خاتون اوربچے سمیت 3 افراد جاں بحق اورمتعددزخمی ہوگئے ۔صوابی میں آسمانی بجلی گرنے سے ایک شخص عمر خطاب جاں بحق جبکہ ایک زخمی ہوگیا۔ اوگی کے گاؤں تولندی میں آسمانی بجلی کی زدمیں آکر فہمیدہ بی بی جاں بحق جبکہ جہانزیبہ بی بی اورکم عمربچی امبرین شدیدزخمی ہوگئیں۔ٹٹولی کارہائشی قاری زاہداللہ آسمانی بجلی کی زدمیں آکرچل بسا۔ کوہلو کے نواحی علاقے یونین کونسل سفید اور نساؤ میں آسمانی بجلی گرنے کے دو مختلف واقعات میں 9سالہ بچہ و خاتون سمیت تین افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ واقعہ میں دو افراد زخمی ہوئے ۔دریں اثنا محکمہ موسمیات نے وفاقی دارالحکومت سمیت ملک کے بالائی علاقوں میں آج آندھی اور گرج چمک کے ساتھ مزید بارش جبکہ چند مقامات پر موسلادھار بارش اور ژالہ باری کا امکان ظاہر کردیا جبکہ ملک کے دیگر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہے گا۔ آج آندھی اور موسلادھار بارش کے باعث آزاد کشمیر، جہلم ، راولپنڈی، لاہور، گوجرانوالہ اور سیالکوٹ میں بعض مقامات پر طغیانی جبکہ نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خدشہ ہے ۔دوسری جانب محکمہ موسمیات نے رواں مون سون سیزن کے دوران سندھ، پنجاب کشمیر میں معمول سے زیادہ بارشوں کا امکان ظاہر کیا ہے ، 27 سے 30 جون کے دوران بارشیں متوقع ہیں اور جولائی سے ستمبر کے دوران مون سون بارشیں معمول کے مطابق ہوں گی ۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی سمیت سندھ میں بھی معمول سے زائد بارشوں کا امکان ہے ۔