پنجاب حکومت کا گھر گھر جاکر کورونا ویکسین لگانے پر غور

پنجاب حکومت کا گھر گھر جاکر کورونا ویکسین لگانے پر غور

لیڈی ہیلتھ ورکرز ویکسی نیشن مہم میں اہم کردار ادا کرسکتی ہیں:یاسمین راشد 4 لاکھ 30 ہزار افراد کو روزانہ ویکسین لگانے کا ہدف مقرر:اجلاس کو بریفنگ

لاہور(اے پی پی)پنجاب حکومت نے صوبے میں کورونا ویکسی نیشن کی رفتار تیز کرنے کیلئے نئے اقدامات کا فیصلہ کیا ہے اور اس سلسلے میں اضلاع میں گھر گھر جاکر اور ڈرائیو تھرو ویکسی نیشن اور دیگر تجاویز زیر غور ہیں۔ اس امر کا فیصلہ صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کی زیر صدارت اجلاس میں کیا گیا ۔ اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ صوبے میں چار لاکھ 30ہزارافراد کو روزانہ ویکسین لگانے کا نظر ثانی شدہ ہدف مقرر کیا گیا ہے اورہر ڈویژن کو نئے اہداف سے متعلق آگاہ کر دیا گیا ہے ۔ لاہور ڈویژن کو 97ہزار بشمول 60ہزار ضلع لاہور، ڈی جی خان کو12ہزار، بہاولپور کو25ہزار900 افراد کو روزانہ ویکسین لگانے کا ہدف دیا گیا ہے ۔ اس موقع پر صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ لیڈی ہیلتھ ورکرز کورونا ویکسی نیشن کے عمل میں اہم کردار ادا کر سکتی ہیں۔ ویکسی نیٹرز کی بھرتی کا عمل جلد مکمل کر لیا جائے گا۔چیف سیکرٹری پنجاب نے کہا کہ ملتان، فیصل آباد،لاہور اور دیگر اضلاع میں موبائل ہیلتھ یونٹس کے ذریعے بھی ویکسی نیشن کی جا رہی ہے جس سے دور دراز علاقوں میں ویکسین لگانے میں مدد مل رہی ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں