ایک ترین نے بجٹ پیش کیا، دوسرا پاس کرا دیگا:تھنک ٹینک
قدم ملا کر چلنے کی ضرورت :ایاز امیر ،بجٹ کو کسی نے عوام دشمن نہیں کہا :سلمان غنی بامعنی تقریر کیلئے بجٹ پڑھنا پڑتا :حسن عسکری ، بجٹ میں تنقید کیلئے کچھ نہیں:خاور گھمن
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک )سینئر تجزیہ کار ایاز امیر نے کہا ہے کہ شوکت ترین صرف پی ٹی آئی کے وزیر خزانہ نہیں،اگر آج ن لیگ کی حکومت ہوتی تو شاید ان کے بھی وزیر خزانہ ہوتے ،پیپلز پارٹی کے وزیر خزانہ یہ رہ چکے ہیں ۔ہر ملک اپنی ضروریات کے مطابق سوچ رہا ہے ۔پروگرام ’’تھنک ٹینک ‘‘کی میزبان مریم ذیشان سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا فرسودہ مسائل سے نکل کر دنیا کے قدم سے قدم ملا کر چلنے کی ضرورت ہے ۔اضلاع ،تحصیلوں میں اچھے آفیسرز لگادئیے جائیں تو ملک کا نقشہ بدل جائے گا۔روزنامہ دنیا کے ایگزیکٹو گروپ ایڈیٹر سلمان غنی نے کہا ہے کہ اپوزیشن ایک متبادل حکومت ہوتی ہے ،صرف بجٹ تجاویز ہی نہیں دیتی ،متبادل بجٹ بھی پیش کرتی ہے ،اپوزیشن کو عوام کی آواز بننا چاہیے تھا ۔اس بجٹ کو کسی نے کھل کر عوام دشمن نہیں کہا ،اچھی بات ہے کہ موبائل کالز پر ٹیکس کو واپس لے لیا گیا ۔اپوزیشن نے تحریک عدم اعتماد لانی ہے تو وزیر اعظم کیخلاف لے آئیں ۔بجٹ منظور ہوجائے گا ،ایک ترین نے بجٹ پیش کیا دوسرا پاس کروا دے گا۔ماہر سیاسیات ڈاکٹر حسن عسکری نے کہا کہ بجٹ پر بامعنی تقریر کیلئے تھوڑا پڑھنا پڑتا ہے ،بجٹ تقریر کو ممبران نہیں پڑھتے ،اس بجٹ میں تنقیدی نکات نکالنا مشکل ہیں۔اسلام آباد سے دنیا نیوز کے بیوروچیف خاور گھمن نے کہا کہ حکومت کے پاس سادہ اکثریت ہے ،بجٹ پاس ہوجائے گا،اگر اپوزیشن چاہتی ہے کہ پاس نہ ہوتو اپنے نمبر شو کرے ،ٹھوس وجہ بھی سامنے لائے ،اس بجٹ میں تنقید کیلئے کچھ نہیں ۔بجٹ پر کوئی بامعنی بحث نہیں ہوگی ،ایک بار پھر ذاتی حملے کریں گے ہلڑ بازی ہوگی ۔