اسلام آباد : حوالات میں نوجوان ہلاک ، ورثا کا لاش رکھ کر مظاہرہ ، 2 انسپکٹرز گرفتار

اسلام آباد : حوالات میں نوجوان ہلاک ، ورثا کا لاش رکھ کر مظاہرہ ، 2 انسپکٹرز گرفتار

حسن کو اہلکاروں کے قتل کیس میں گرفتار کیا، ملزم نے حوالاتی جنگلے سے سرٹکرا کر زخمی کیااور چل بسا:محرر سی ٹی ڈی تھانہ غیر انسانی تشدد سے موت ہوئی:لواحقین، دو انسپکٹرز ، ایک کانسٹیبل معطل، مقدمہ درج ، واقعہ کی اعلیٰ سطح پر انکوائری شروع

اسلام آباد (خبر نگار)سی ٹی ڈی پولیس کی حوالات میں بند نوجوان کے جاں بحق ہونے پر لواحقین نے لاش آئی جے پی روڈ پر رکھ کر شدیداحتجاج کیا اور موت کی وجہ غیر انسانی تشددقرار دیا، تھانہ بہارہ کہوپولیس نے ایس ایچ او سمیت دو انسپکٹروں اور کانسٹیبل کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ۔واقعہ کی اعلیٰ سطح پر انکوائری شروع کردی گئی ، مقدمہ درج ہونے کے بعد دونوں انسپکٹروں کو پولیس نے تحویل میں لے کر نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔تھانہ بارہ کہوپولیس کو سی ٹی ڈی تھانہ کے محرر علی اکبر اے ایس آئی نے بتایاکہ سی ٹی ڈی کے تفتیشی آفیسر نے حسن عرف مانکئے سکنہ ضیاکالونی پیرودہائی کو پولیس اہلکاروں کے قتل کیس میں باقاعدہ گرفتار کرکے حوالات میں بند کیا، حوالات کے پہرے پر موجود سنتری نے شام ساڑھے پانچ بجے بتایاکہ ملزم نے حوالات کے جنگلے سے سرٹکرا کر خود کو زخمی کرلیا جس پر ڈاکٹرکو بلوایااور اس کا علاج کروایا ، حالت ٹھیک ہونے پر اسے چھ بجے دوبارہ حوالات میں بند کیا، ڈیوٹی پر موجود اہلکاروں کو مناسب ہدایات بھی دیں ، ساڑھے چھ بجے کانسٹیبل قیصر خان نے بتایاکہ ملزم حسن کی طبیعت خراب ہے ، حوالات میں چیک کیاتو پتا چلاکہ حسن تیز بخار کی حالت میں جاں بحق ہوچکاتھا،ملزم کی موت تفتیشی آفیسرانسپکٹر شمس الاکبر،ایس ایچ او تھانہ سی ٹی ڈی انسپکٹر فیاض احمد رانجھا اورپہرہ پر موجود کانسٹیبلوں کی غفلت اور لاپرواہی کی وجہ سے ہوئی جو ملزم کو بروقت علاج ومعالجے کے لیے لے کر نہیں گئے ،پولیس نے 322/324 کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا۔ادھر جاں بحق ہونے والے حسن کے لواحقین کا کہناہے کہ حسن کو آٹھ دن قبل سی ٹی ڈی اسلام آباد نے حراست میں لیا، اس کے جسم پر تشددکے متعددنشانات ہیں ۔لواحقین کے احتجاج کے باعث آئی جے پی روڈ پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں ،پولیس کے اعلٰی افسران بھی موقع پر پہنچ گئے اوربتایاکہ دونوں انسپکٹروں کو تھانہ بہارہ کہومیں قتل کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرکے حراست میں لے لیاگیا ، ادھر آئی جی اسلام آباد نے دونوں انسپکٹروں اور کانسٹیبل کو معطل کر دیا۔ یاد رہے کہ ملزم حسن کو سی ٹی ڈی نے 8مارچ 2021کو پولیس ملازمین پر حملہ اورانھیں شہید کرنے کے مقدمہ میں گرفتار کیاتھا ۔ ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق انکوائری کے بعد کوتاہی ، لاپرواہی کے ذمہ دار افسران کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں