اپوزیشن کا رویہ غیرذمہ دارانہ ، شہباز ، بلاول ہوا میں تیر نہ چلائیں ، وفاقی وزرا

اپوزیشن کا رویہ غیرذمہ دارانہ ، شہباز ، بلاول ہوا میں تیر نہ چلائیں ، وفاقی وزرا

آئی ایم ایف کہہ رہا چادردیکھ کر پھیلائیں،ہم نے کہا چادرکہاں بچھانی یہ ہم طے کرینگے ،سندھ حکومت کی سوچ پسماندہ :فواد مہنگائی میں کمی ، قیمتو ں میں ٹھہراؤلا ناہے :شاہ محمود ، سوائے اپوزیشن ہر طبقے نے بجٹ کو عوام دوست قرار دیا : فرخ حبیب

اسلام آباد، کراچی ( سٹاف رپورٹر ،نیوز ایجنسیاں ، مانیٹرنگ ڈیسک )وفاقی وزرا نے کہا ہے کہ اپوزیشن کا رویہ حسب معمول غیرذمہ دارانہ رہا، ایسی غیر سنجیدہ اپوزیشن سے عوام کیا توقع کرسکتی ہے ، اگلے 7 سال بھی یہ لوگ ایسے ہی بینر اٹھائے کھڑے ملیں گے ، شہبازشریف اور بلاول ہوا میں تیر نہ چلا ئیں ۔ فواد چودھری نے الزام عائد کیا کہ سندھ کو 2 سال میں 15، 16 سو ارب روپے ملے ہیں لیکن نظر نہیں آرہا وہ کہاں لگے ہیں۔ہفتہ کو کراچی میں میڈیا سے گفتگو میں فواد کا کہنا تھاکہ اگر ہم مراد علی شاہ اینڈ کمپنی پر بیٹھے رہے تو اگلے کئی سال میں بھی کراچی اور سندھ میں ترقی نا ممکن ہے ۔انہوں نے کہا کہ سندھ میں پیسہ خرچ ہوتا نظر نہیں آرہا، کراچی میں براہ راست میئر آئے اور اسے فنڈز ملیں تو مسائل حل ہوں گے ، مراد علی شاہ اینڈ کمپنی کے آسرے پر رہے تو کچھ نہیں ہونے والا، سندھ حکومت کی سوچ پسماندہ ہے ۔وفاقی وزیر کا کہنا تھاکہ سندھ حکومت کراچی کیلئے کوئی نئی سکیم نہیں لائی۔تین سال ہوگئے ،اپوزیشن کہہ رہی ہے کہ بجٹ پاس نہیں ہوگا یہ اپوزیشن اسی طرح اگلے 7سال کونے میں بینرزلیکرکھڑی نظرآئے گی۔پروگرام‘‘اختلافی نوٹ’’میں گفتگو کرتے ہوئے فواد چودھری نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف بجلی کی قیمت بڑھانے کاکہہ رہاہے ،بجلی کی قیمتوں سے متعلق آئی ایم ایف سے بات چیت جاری ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کہہ رہا ہے کہ چادردیکھ کرپھیلائیں،ہم نے آئی ایم ایف سے کہا کہ چادرکہاں بچھانی ہے یہ ہم طے کریں گے ۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ مہنگائی ہمارے لئے ایک بہت بڑا چیلنج ہے ۔ اس وقت مہنگائی کا جو طوفان آیا ہے اس میں عالمی پہلو بھی شامل ہے ۔ہم نے مہنگائی میں کمی اور قیمتو ں میں ٹھہراؤلا ناہے ۔عام آدمی کی قوت خرید میں اضافہ کررہے ہیں۔ ہمیں مہنگائی کو کم کرنے کیلئے مہنگائی کے عوامل کو دیکھنا ہوگا۔ وفاق اور پنجاب کا حالیہ بجٹ منظور ہوگا جس سے بہت سے ارادوں پر اوس پڑے گی۔وہ جودھمکیاں تھی ہوا میں اڑ چکی ہیں،پہلی مرتبہ حالیہ بجٹ والے دن اپوزیشن کو پریشان دیکھا انہیں سمجھ نہیں آ رہی تھی کہ وہ کس چیز پر تنقید کریں۔ انہو ں نے کہا ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ جنوبی پنجاب اور شمالی پنجاب کیلئے علیحدہ علیحدہ ترقیاتی بجٹ بنایا گیا ہے ۔ اور علیحدہ علیحدہ بجٹ کے شمارے شائع کئے جائیں گے ۔اس دفعہ یہ واضح کیا گیا ہے کہ جو بجٹ جنوبی پنجاب کے لئے رکھا جائے گا وہ صرف جنوبی پنجاب میں ہی لگے گا۔ ۔ وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ بلاول اور شہباز شریف اپنی قیادت میں بجٹ تقریر کے دوران ہنگامہ آرائی اور ہلڑ بازی کرواتے رہے ، انتہائی اہم موقع پر عوام کی بہتری اور ملک کی ترقی کے حوالے سے بجٹ کا ایک لفظ بھی نہیں سنا۔ فرخ حبیب نے کہا کہ شہبازشریف اور بلاول ہوا میں تیر نہ چلا ئیں ، سوائے اپوزیشن ہر طبقے نے مالی سال 2021-22 کو عوام،کاروباردوست اور متوازن بجٹ قرار دیا ہے ، انتہائی اہم موقع پر عوام کی بہتری اور ملک کی ترقی کے حوالے سے بجٹ کا ایک لفظ بھی نہیں سنا، اب ہوا میں تیر نہ چلا ئیں ، مزدور،تنخواہ دار طبقہ، صنعت کار ، کسان سب نے اسکو سراہا ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں