بجٹ منظور کرائیں گے، بزدار کے عشائیہ میں تمام اتحادی جماعتوں کا عزم

بجٹ منظور کرائیں گے، بزدار کے عشائیہ میں تمام اتحادی جماعتوں کا عزم

بجٹ میں سب کیلئے خوشخبریاں ، وزیر اعلیٰ کا پارلیمانی پارٹی اجلاس سے خطاب ، نیک نیتی سے بزدار کیساتھ ہیں، پرویز الٰہی ، ترین گروپ بھی اجلاس میں شریک ، پی پی پی ، ن لیگ کے ارکان اسمبلی کی بزدار سے ملاقات ، مسائل سے آگاہ کیا

لاہور (سیاسی رپورٹر سے )وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدارکی زیر صدارت پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں اتحادی قیادت اور پارٹی کے تمام ارکان نے متحد ہو کر بجٹ ایوان سے منظور کروانے کا اعلان کر دیا۔ترین گروپ جنوبی پنجاب محاذ اور ہم خیال گروپ کے ارکان بھی وزیر اعلیٰ کے ہم آہنگ نظر آئے ۔ ق لیگ کی قیادت نے بھی بجٹ کی منظوری کے لئے یکجہتی کا اعلان کیا۔ وزیر اعلیٰ کا کہنا تھاکہ بجٹ سیشن میں ارکان کے ساتھ بیٹھوں گا انکے مسائل حل کراوں گا۔ صوبائی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ایوان وزیر اعلیٰ میں ہوا ۔ سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی ،سینئر وزیر علیم خان، صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت، صوبائی وزیر خزانہ ہاشم جواں بخت، دیگر وزراء اوراراکین پنجاب اسمبلی کی بڑی تعداد نے اجلاس میں شرکت کی ۔اجلاس میں بجٹ کے بارے میں حکمت عملی طے کی گئی ۔وزیر اعلٰی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے ذمہ داری سنبھالی تو پنجاب بدترین مالیاتی دور سے دوچار تھا۔اربوں روپے کااوور ڈرافٹ اور نامکمل ترقیاتی منصوبے ورثے میں ملے ۔ انہوں نے کہا کہ مربوط معاشی پالیسیوں کے نتیجے میں پنجاب خوشحالی اور معاشی ترقی کے نئے دور میں داخل ہو رہا ہے ۔ترقی کے نئے دور میں ہر شعبہ ہائے زندگی خوشحالی کے ثمرات سے مستفید ہوگا۔پنجاب کا یہ بجٹ تاریخ ساز ہوگا۔بجٹ میں سب کے لئے خوشخبریاں ہیں ۔ ہم اس سال ریکارڈ ترقیاتی بجٹ پیش کرنے جا رہے ہیں۔ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے بجٹ میں اضافہ کیا جارہا ہے ۔کورونا کی تیسری لہر کے معاشی اثرات سے نمٹنے کیلئے آئندہ مالی سال میں بھی ٹیکس ریلیف دیا جائے گا۔ بجٹ میں تجویز کردہ اقدامات سے صوبے کی معیشت پھلے پھولے گی۔ بجٹ سیشن میں، میں اور میری ٹیم موجود رہے گی۔اراکین اسمبلی سے ملاقاتوں کا سلسلہ بجٹ اجلاس کے دوران بھی جاری رہے گا۔بجٹ آسانی سے پاس ہو گا ۔اپوزیشن بکھر چکی۔سپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الٰہی نے کہا کہ نیک نیتی سے عثمان بزدار کے ساتھ ہیں۔صوبائی خزانہ ہاشم جواں بخت نے صوبائی پارلیمانی پارٹی کے شرکاء کو بجٹ اور سالانہ ترقیاتی پروگرام کے اہم خدو خال کے بارے میں آگاہ کیا ۔اجلاس میں حکومتی رکن چودھری اختر کا کہنا تھا کہ ایسے لگتا ہے حکومتی نہیں اپوزیشن رکن ہوں۔ آج بھی ہمارے خلاف مقدمات درج ہو رہے ہیں ایک صوبائی وزیر بولے کہ بجٹ کا اعلان ہی نہ کیا جائے بلکہ ارکان کو ترقیاتی بجٹ ملنا بھی چاہیے ۔ ترین گروپ کے وزیر نعمان لنگڑیال کا کہنا تھا کہ ہمارے حلقوں کے مسائل حل ہوتے رہیں ہم عمران خان کے ساتھ ہیں ۔ شرکا کی مٹن قورمہ، کُنّہ، بریانی اور بار بی کیوسے تواضع کی گئی۔وزیراعلیٰ پنجاب سے مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی کے اراکین صوبائی اسمبلی نے ملاقات کی۔وزیراعلیٰ سے ملاقات کرنے والوں میں میاں جلیل احمد شرقپوری، چودھری اشرف علی انصاری، محمد غیاث الدین، محمد فیصل خان نیازی، رئیس نبیل احمد،غضنفر عباس اور اظہر عباس چانڈیا شامل تھے ۔اراکین اسمبلی نے عثمان بزدار کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم آپ کے ساتھ ہیں۔اراکین اسمبلی نے پنجاب کے آئندہ بجٹ میں عوامی فلاح کے لئے شاندار اقدامات تجویز کرنے پر وزیراعلیٰ کے ویژن کو سراہا۔ منتخب نمائندوں نے وزیراعلیٰ کو حلقوں اورعلاقے کے مسائل سے آگاہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے اراکین اسمبلی کو ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پرحل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔وزیراعلیٰ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میرے دروازے سب کے لئے کھلے ہیں۔ پنجاب کا نیا بجٹ صوبے کے عوام کے لئے ترقی و خوشحالی کا نیا باب رقم کرے گا۔صوبے کی تاریخ میں ترقیاتی بجٹ میں ریکارڈ اضافہ کیا جا رہا ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں