حکومت نے عام آدمی کے استعمال کی ہر چیز پر ٹیکس بڑھا دیا : بلاول : اجلاس میں جیالے رہنماؤں کے ایک دوسرے پر وار

حکومت نے عام آدمی کے استعمال کی ہر چیز پر ٹیکس بڑھا دیا : بلاول : اجلاس میں جیالے رہنماؤں کے ایک دوسرے پر وار

بجٹ میں عوام پر پونے 4 سو ارب کے ٹیکس لگا نا ظالمانہ عمل ، عوام دشمن اقدامات کو بے نقاب کرتا رہوں گا، چیئرمین پی پی لاہور میں اجلاس ، تجاویز کا جائزہ ، رہنمائوں کی ملاقاتیں ، بلاول بھٹو کا تھانے کی حدود کی سطح پر پارٹی تنظیمیں بنانے کی ہدایت

اسلام آباد(سٹی رپورٹر، سپیشل رپورٹر) پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے بجٹ میں عوام پر پونے چار سو ارب روپے سے زائد کے ٹیکس لگانے کے عمل کو ظالمانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ آئی ایم ایف بجٹ میں ٹیکسوں کے نام پر عوام کی جیبوں پر ڈاکے کو مسترد کرتا ہوں، عمران خان کے عوام دشمن معاشی اقدامات کو بے نقاب کرتا رہوں گا۔ اپنے ایک بیان میں بلاول زرداری نے کہا کہ عمران خان کی حکومت نے عام آدمی کے استعمال کی کوئی ایسی شے نہیں چھوڑی جس پر ٹیکس نہ بڑھایا ہو،بجٹ میں ہر فون کال، ایس ایم ایس اور انٹرنیٹ پر ٹیکس لگانے کے بعد اگلے دن اسے فورا ًواپس لینا حکومتی بوکھلاہٹ کا ثبوت ہے، عمران خان کی حکومت بھاری ٹیکسوں کے طوفان پر عوامی ردعمل سے ڈری ہوئی ہے ۔چیئر مین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری سے بلاول ہائوس لاہور میں پیپلز پارٹی لاہور کے سینئر نائب صدر محمد اشرف بھٹی نے ملاقات کرتے ہو ئے چیئرمین کو تجویز دی کہ ہمیں عام الیکشن سے ایک سال قبل اپنے امیدواروں کا باقاعدہ اعلان کردینا چاہیے تاکہ وہ ایک سال قبل ہی اپنے اپنے حلقوں میں اپنی انتخابی مہم شروع کردیں اس کے اچھے نتائج برآمد ہوں گے جبکہ جو ہمارا زون کا صدر ہو اسی کو پارٹی کا ٹکٹ ہولڈر بھی ہونا چاہیے اس طرح سے بھی پارٹی کی الیکشن میں کارکردگی اچھی ہو گی ۔بلاول نے محمد اشرف بھٹی کی ان تجاویز کو بھرپور سراہا اور کہا کہ جلد سے جلد پارٹی کی تنظیموں کا کام مکمل کرکے فہرست مجھے دی جا ئے ۔ منور انجم نے بلاول بھٹو زرداری سے بلاول ہائوس لاہور میں ملاقات کی ۔ملاقات میں پارٹی امور اور پنجاب کے بارے میں گفتگو کی گئی ۔ چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کی زیر صدارت بلاول ہائوس لاہور میں ہونے والے اجلاس میں پیپلزپارٹی کے رہنما ایک دوسرے کے خلاف پھٹ پڑے ۔بلاول بھٹو کو معاملہ رفع دفع کرانے کے لئے مداخلت کرنا پڑی، بلاول بھٹو نے یو سی کے بجائے تھانے کی سطح تک پارٹی تنظیمیں بنانے کی ہدایت کر دی۔ ذرائع کے مطابق پیپلزپارٹی لاہور اور پنجاب کی سابق تنظیم کا مشترکہ اجلاس بلاول بھٹو کی زیر صدارت بلاول ہائوس لاہور میں شروع ہوا تو پیپلزپارٹی لاہور کے سینئر نائب صدر اشرف بھٹی نے کہا جتنے پارٹی رہنما بھی یہاں بیٹھے ہوئے ہیں ان سے پوچھیں کہ وہ ایمانداری سے بتائیں کہ کن کن کے گھروں میں پارٹی پرچم لگے ہوئے ہیں ان میں اتنی بھی اخلاقی جرات نہیں کہ وہ اپنی ہی پارٹی کے جھنڈے اپنے گھروں پر لگالیں ، محض پارٹی ٹکٹ ہولڈر بننے کے لئے بہت سے لوگ پارٹی ٹکٹ لے لیتے ہیں پھر صرف 700 ووٹ لے کر ہار جاتے ہیں اور بدنامی پیپلزپارٹی کی ہو جاتی ہے ان تمام ٹکٹ ہولڈرز کو زونل صدر بنائیں اور اپنے اپنے زون پر توجہ دیں ہربار تمام ٹکٹ ہولڈرز بازو لٹکائے آپ کے پاس آ جاتے ہیں ان کی کارکردگی چیک کرو تو وہ صفر ہے ۔ اشرف بھٹی نے کہا بے نظیر بھٹو کو برسی پر سات لاکھ روپے سے ٹرین کی بکنگ کے لئے ان ٹکٹ ہولڈرز سے 25 ہزار روپے فی کس مانگتے ہیں تو یہ آگے سے کہتے ہیں بھیک مانگ لو اور مذاق اڑاتے ہیں کبھی کہتے لاہور کا صدر کمزور ہے ان کی اپنی چار ملیں ہیں وہ اپنے پاس سے دے دیں ۔ پیپلزپارٹی کے رہنما اسلم گل نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی تنظیمیں کام نہیں کرتی ، جس پر اشرف بھٹی نے کہا مجھے پتہ ہے آپ کی پنجاب تنظیم کتنا کام کر تی رہی ہے جس پر بلاول بھٹو نے اشرف بھٹی کو بولنے سے روک دیا اور کہا کہ سب لوگ مجھ سے بات کریں ایک دوسرے سے بات نہ کریں ۔بیرسٹر عامر حسن نے کہا کہ یوتھ کو آگے لے کر آنا چاہئے ۔ نوید چودھری نے کہا کہ پی ایس ایف پر پابندی ہے ، یوسی سطح تک تنظیم سازی مکمل ہونی چاہئے ۔ آخر پر بلاو ل بھٹو نے کہا کہ کے پی کے میں یو سی کی بجائے تھانے کی سطح پر تنظیم سازی کی جا رہی ہے پنجاب میں بھی تھانے کی سطح تک تنظیم سازی ہونی چاہئے ۔ انہوں نے کہاکہ تمام پارٹی ٹکٹ ہولڈرز اور عہدیدار کارکنوں کے ڈی سی اور ایس پی کی سطح تک کے کام کروائیں ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں