کلبھوشن کیس بگاڑنے کی ن لیگ ذمہ دار: شاہ محمود

 کلبھوشن کیس بگاڑنے کی ن لیگ ذمہ دار: شاہ محمود

اپوزیشن معاملے کو سمجھے ،بھارت چاہتا ہے پاکستان کلبھوشن کو قونصلر رسائی نہ دے سی آئی اے چیف کا دورہ خفیہ نہیں:وزیر خارجہ کی میڈیا سے گفتگو

ملتان(سٹاف رپورٹر)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ کلبھوشن یادیو کا کیس مسلم لیگ (ن)نے بگاڑاتھا۔بھارت چاہتا ہے پاکستان کلبھوشن یادیو کو قونصلر تک رسائی نہ دے تاکہ وہ دوبارہ عالمی عدالت میں پاکستان کیخلاف جائے ۔اپوزیشن کو اس حوالے سے بیان بازی کرکے ناسمجھی کا ثبوت نہیں دینا چاہیے اوربھارت کی چالوں کوسمجھنا چاہیے ، اپوزیشن کو کلبھوشن کے حوالے سے بھارت کے بیانیہ کو تقویت نہیں دینی چاہئے ۔ ان خیالات کا اظہار انہو ں نے ملتان میں پارک کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا تحریک انصا ف کی حکومت شفاف احتساب پر یقین رکھتی ہے ، ہم انتقام نہیں شفاف احتساب چاہتے ہیں۔ احتساب کے عمل سے جو بھی گزر رہا ہے اس کو صفائی پیش کرنے کا موقع دیا جائے گا ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاپاکستان کا امریکا کو ہوائی اڈے دینے کا کوئی ارادہ نہیں،یہ ہم پہلے واضح طور پر کہہ چکے ہیں۔ امریکی انٹیلی جنس ایجنسی سی آئی اے چیف کا دورہ پاکستان کوئی خفیہ دورہ نہیں،نہ ہی یہ ان کا پہلا یا آخری دورہ ہے ۔چین کے خلاف جی سیون ممالک کے اقدامات سے متعلق شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وہ اقدام جن سے ترقی پذیرممالک میں ترقی ہو اس سے ہمیں خوشی ہوگی،ترقی پذیر ممالک میں سرمایہ کاری کے منصوبے کے اقدام سے چین کو کوئی خطرہ نہیں، چین سی پیک کا اپنا کام کررہا ہے اور کرتا رہے گا، جی سیون ممالک اس طرح کے پراجیکٹ کرنا چاہتے ہیں تو یہ اچھا مقابلہ ہوگا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں