ہم ہاریں یا جیتیں، اگلا الیکشن الیکٹرانک ووٹنگ پر ہو گا:شہباز گل
اوورسیز پاکستانیوں کیلئے ووٹ کا حق کوئی نہیں روک سکتا،ہر حد تک جائیں گے وزیراعظم دفتر اور ہائوس کے اخراجات 109 کروڑ روپے کم ہوگئے :پریس کانفرنس
لاہور(سیاسی رپورٹر سے )وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی روابط شہباز گل نے کہا ہے کہ ہم ہاریں یا جیتیں، اگلا الیکشن الیکٹرانک ووٹنگ پر ہو گا،ملکوں کی ایک لمبی فہرست ہے جہاں الیکٹرانک ووٹنگ سے انتخابات ہوتے ہیں،اوورسیز پاکستانیوں کے لیے ووٹ کا حق کسی کا باپ بھی نہیں روک سکتا، ووٹ کا حق دلوانے کے لئے جس حد تک جانا پڑا جائیں گے ، 600الیکٹرانک مشینیں آئندہ چند ماہ میں تیار ہو جائیں گی ،ہم چھوٹے الیکشن میں تجرباتی بنیادوں پر مشینیں استعمال کریں گے ۔ پریس کانفرنس کرتے ہوئے معاون خصوصی شہباز گل نے کہاکہ تین سال میں وزیراعظم کے دفتر کے 52کروڑ کے اخراجات کم ہوئے ،57کروڑ روپے وزیراعظم ہاؤس میں بچائے گئے ۔ آصف زرداری کے دو کیمپ آفسز تھے ، یوسف رضا گیلانی کے 5کیمپ آفسز تھے ، 5کیمپ دفاتر کے 570ملین اخراجات تھے ، 4اعشاریہ 3ارب روپے کے اخراجات رائیونڈ کے کیمپ آفس پر آئے ، شہباز شریف کے کیمپ آفس پر 53کروڑ روپے خرچہ آیا، 2717پولیس اہلکار شہباز شریف اور نواز شریف کی سکیورٹی کے لیے تعینات تھے ۔