محکمہ خوراک پنجاب کا کل سے گندم خریداری بند کرنیکا فیصلہ

محکمہ خوراک پنجاب کا کل سے گندم خریداری بند کرنیکا فیصلہ

ہدف سے دولاکھ ٹن اضافی گندم خریدی،کسانوں کو بہترین معاوضہ دیا:علیم خان

لاہور (اپنے سٹی رپورٹر سے )محکمہ خوراک پنجاب نے 15 جون سے گندم کی خریداری بند کرنے کا فیصلہ کرلیا ،سینئروزیر خوراک پنجاب عبدالعلیم خان نے اس ضمن میں محکمے کو ہدایات جاری کر دیں،سینئر وزیر کی جانب سے کہاگیا ہے کہ پنجاب حکومت نے 35 لاکھ میٹر ک ٹن گندم کی خرید کا ہدف بر وقت حاصل کرلیا، طے شدہ ہدف سے بھی 2لاکھ ٹن زائد گندم کی خریداری پر سینئر وزیرنے اظہار مسرت کرتے ہوئے محکمہ خوراک پنجاب کے افسران اور ملازمین کو شاباش دی ، وزیرخوراک نے کہاکہ وزیر اعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق کسانوں کو گندم کابہترین معاوضہ ادا کیا گیا،پہلی مرتبہ پنجاب میں 400 روپے اضافے کے ساتھ گندم 1800 روپے من خریدی گئی ، آئندہ سال کسانوں کو مزید سہولیات دیں گے اور گندم کی قیمت مزید بڑھائیں گے ،صوبے بھر کی فلور ملز کے پاس ضرورت کے مطابق گندم کا سٹاک موجود ہے ، فلور ملز کو گندم کی خریداری میں محکمہ خوراک بھرپور مدد فراہم کریگا ۔ پنجاب حکومت صوبہ خیبر پختونخوا کو ایک لاکھ میٹرک ٹن گندم دے رہی ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں