آئی ایم ایف کی خواہش پر مہنگائی کی لہر آنیوالی :سراج الحق

 آئی ایم ایف کی خواہش پر مہنگائی کی لہر آنیوالی :سراج الحق

بجلی ، پٹرولیم ،گیس کی قیمتوں میں اضافے سے حکومت باز رہے :خطاب

لاہور (سیاسی نمائندہ)امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہاہے کہ آئی ایم ایف کی خواہش پر ملک میں بے روزگاری ، مہنگائی کی تیسری لہر آنے والی ہے ۔ حکومت نے عوام دشمن بجٹ کی ہیٹرک مکمل کرلی ،اب ان کا آؤٹ ہونا قریب ہے ۔ جس طرح تین سالہ دور حکومت میں کسی ادارے میں بہتری نظر نہیں آرہی ، اسی طرح غریب عوام کے لیے اس بجٹ میں کچھ بھی نظر نہیں آرہا ۔ وفاقی وزراء کی گفتگو سے لگتاہے کہ وہ کسی اور دنیا میں رہتے ہیں ۔ موجودہ صورتحال سے ان کا آگاہ نہ ہوناحقائق کو سمجھنے کے لیے کافی ہے ۔ قومی سلامتی کے دشمن بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کے حوالے سے وزیرخارجہ کے بیان سے تشویش میں اضافہ ہوا ۔ اس حوالے سے حکومت قوم کو اعتماد میں لے اور تمام تر حقائق سے آگاہ کرے ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے ضلع دیرکی تحصیل ثمر باغ میں کارکنان اور تحصیل منڈا کے اجتماع ارکان سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ان کامزید کہنا تھا کہ حکومت کا پیش کردہ بجٹ زمینی حقائق کے بالکل منافی ہے جب تک اللہ اور اس کے رسول ؐ کے احکامات کے خلاف اقدامات ختم نہیں ہوتے ، ملک میں خوش حا لی نہیں آسکتی ۔ حکومت بجلی ، پٹرولیم مصنوعات اور گیس کی قیمتوں میں اضافے سے باز رہے اور فوری طور پر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کرے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں