پنجاب :صحت کیلئے 300 ارب کا بجٹ ہوگا:یاسمین راشد

پنجاب :صحت کیلئے 300 ارب کا بجٹ ہوگا:یاسمین راشد

لاہور میں 500 بیڈز کا جدید ترین ہسپتال، چائلڈ ہیلتھ یونیورسٹی بنائیں گے ماں بچہ کی شرح اموات میں کمی لانے کیلئے 8 نئے ہسپتال بنارہے :وزیر صحت

لاہور (بلال چودھری ) وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ آئندہ مالی سال کیلئے صحت کے بجٹ میں یقینی اضافہ کیا جا رہا ہے ، رواں سال 283 ارب روپے رکھے گئے تھے جبکہ آئندہ مالی سال کا بجٹ 3 سو ارب سے زیادہ کا ہو گا،موجودہ حکومت کا ہیلتھ انشورنس سب سے بڑا پراجیکٹ ہے ، جس کا بجٹ 60 ارب روپے ہے ۔ ہیلتھ انشورنس کے بجٹ کو بڑھا کر 100 ارب روپے تک کر دیا جائے گا ۔ پنجاب کی تمام دو کروڑ 93 لاکھ فیملیز کو ہیلتھ انشورنس کارڈ مہیا کئے جائیں گے اب تک 52 لاکھ خاندانوں کو ہیلتھ انشورنس کارڈ مہیا کئے جا چکے ہیں ، دسمبر تک پنجاب کے تمام خاندانوں کو ہیلتھ انشورنس کارڈ مہیا کر دئیے جائیں گے ۔ ڈاکٹر یاسمین راشد کا مزید کہنا تھا کہ آئندہ مالی سال میں لاہور میں500 بیڈز کا جدید ترین ہسپتال بنانے جا رہے ہیں ۔ ہسپتال میں کینسر، امراض قلب کے شعبے بھی موجود ہونگے ۔ لاہور میں چائلڈ ہیلتھ یونیورسٹی بنانے جا رہے ہیں 9 ارب کی لاگت سے پنجاب میں خون کی بیماریوں کا انفیکشن ڈیزیز کا ہسپتال بنانے جا رہے ہیں۔ سا بق حکومتوں کے منصوبوں کو مکمل کرنے کیلئے آئندہ مالی سال کے بجٹ سے پیسے د ئیے جائیں گے سابق حکومتوں کے منصوبہ جات میں پی کے ایل آئی، جوبلی ٹائون ڈینٹل ہسپتال، یورالوجی انسٹیٹیوٹ آف راولپنڈی اور ریڈیالوجی ٹاور شامل ہیں ۔ ماں بچہ کی شرح اموات میں کمی لانے کیلئے 8 نئے ہسپتال بنائے جا رہے ہیں۔ لاہور کے گنگارام ہسپتال میں 650 بیڈز کے مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال پر کام جاری ہے ، اسی طرح مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال میانوالی، لیہ، راجن پور، بہاولنگر، اٹک، ملتان میں بنائے جا رہے ہیں۔ ڈی جی خان میں میں کارڈیالوجی ہسپتال بنا رہے ہیں۔ پنجاب کے 22 سو بنیادی مراکز صحت کو اپ گریڈ کر رہے ہیں۔ ڈویلپمنٹ اور نان ڈویلپمنٹ کا بجٹ بڑھایا جا رہا ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں