آئی ایم ایف کے پاس دوبارہ جانا پڑیگا:سلیم مانڈوی والا

آئی ایم ایف کے پاس دوبارہ  جانا پڑیگا:سلیم مانڈوی والا

پیپلزپارٹی کے سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ حکومت نے انتہائی چالاکی کے ساتھ بجٹ میں ان ڈائریکٹ 27 ارب روپے کے ٹیکسز لگائے ہیں

اسلام آباد( دنیا نیوز، آن لائن )تحریک انصاف حکومت نے ٹیکس کلیکشن پر تباہی مچا دی ، بجٹ 22-2021 کاپی پیسٹ ہے ، آن لائن خریداری پر ٹیکس سے اشیا نہ صرف مہنگی ہو جائیں گی بلکہ ای کامرس کو بھی شدید نقصان پہنچے گا ، حکومت کو اپنا یہ فیصلہ واپس لینا چاہیے ۔ آئی ایم ایف سے معاہدہ غلط ہوا ، ہمیں آئی ایم ایف سے دوبارہ رجوع کرنا پڑے گا ورنہ غربت بڑھے گی۔ پریس کانفرنس کرتے ہوئے سلیم مانڈوی والا نے کہا عوام تیار ہو جائیں پٹرول کی قیمتوں میں 20 روپے فی لٹر اضافہ ہونے والا ہے ۔ گیس او رایل این جی بھی مہنگی ہونے جا رہی ہیں۔ عام آدمی کے لیے مجھے بجٹ میں کوئی چیز کہیں دکھائی نہیں دی ۔ ادھر پیپلزپارٹی کے سیکرٹری جنرل سید نیئر حسین بخاری نے حکومت کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ پٹرولیم قیمتوں میں اضافے کی بھرپور مزاحمت کی جائیگی، عوام دشمن بجٹ کے بعد عوام پر پٹرول بم گرانے کی تیاریاں تشویشناک اور قابل مذمت عمل ہے ، عوام دشمن پی ٹی آئی حکومت کو عوام پر پٹرول بم گرانے کی کسی صورت اجازت نہیں دیں گے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں