ترقی کا بجٹ دیا ، کامیاب حکمت عملی سے معاشی سفر طے کیا : وزیراعظم

ترقی کا بجٹ دیا ، کامیاب حکمت عملی سے معاشی سفر طے کیا : وزیراعظم

کورونا میں ہر معیشت کو سخت دھچکا لگا ، پاکستان ترقی کی جانب گامزن عوام کو آگاہی دیں تاکہ غلط فہمیاں پھیلانے والے عناصرناکام ہوں: خطاب

اسلام آباد (خصوصی نیوز رپورٹر،اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان کی معیشت نہ صرف استحکام بلکہ ترقی کی جانب گامزن ہے ، موجودہ بجٹ ترقی کا بجٹ ہے ، موجودہ بجٹ میں معاشرے کے ہر طبقہ کیلئے امید کی کرن ہے ، کورونا کے دور میں جب عالمی سطح پر ہرمعیشت کو سخت دھچکا لگا اور معاشی مسائل پیدا ہوئے وہاں پاکستان نے کامیاب حکمت عملی سے معاشی سفر طے کیا۔ بجٹ کے اہم نکات کے بارے میں عوام کو بھرپور آگاہی فراہم کی جائے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی زیرصدارت پارٹی ترجمانوں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ملکی صورتحال خصوصاً حکومت کی جانب سے پیش کردہ عوامی ترقیاتی بجٹ ، بجٹ میں عوام کو پہنچائے جانے والے ریلیف اور معاشی ترقی کے عمل کو تیز کرنے کے حوالے سے اقدامات زیر غور آئے ، پارٹی رہنماؤں نے ایک متوازن ، عوام دوست اور معاشرے کے ہر طبقے کے لئے مثبت بجٹ پیش کرنے پر وزیرِاعظم اور حکومتی معاشی ٹیم کو مبارکباد دی۔ وزیرِ اعظم عمران خان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ بجٹ کا مقصد معاشی استحکام کو نہ صرف مزید مستحکم کرنا ہے بلکہ معیشت کے اہم شعبوں زراعت، انڈسٹری، ہاؤسنگ وغیرہ جیسے شعبوں کو فروغ دینا ہے ۔ کامیاب جوان پروگرام، صحت کارڈ، ٹین بلین ٹری سونامی، سائنس و ٹیکنالوجی کا فروغ، تخفیف غربت اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے جیسے پروگراموں پر خصوصی توجہ دینے کا مقصد ملک کو درپیش چیلنجز پر موثر طریقے سے قابو پانا ہے ۔ وزیرِ اعظم نے پارٹی ترجمانوں کو ہدایت کی کہ بجٹ کے نکات کے بارے میں عوام کو بھرپور آگاہی فراہم کریں تاکہ غلط فہمیاں پھیلانے والے عناصر کے عزائم ناکام ہوں۔دریں اثنا سبسڈی کے حوالے سے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے ہدایت کی کہ ٹارگٹڈ سبسڈی کے نئے نظام کو جلد حتمی شکل دی جائے ، اس کی بدولت کمزور طبقات کو بنیادی اشیائے ضروریہ کی خریداری میں مالی معاونت فراہم کی جائے گی، حکومت اس حوالہ سے تمام مالی وسائل فراہم کرے گی۔اس موقع پر ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے بتایا کہ احساس سروے 92 فیصد تک مکمل کر لیا گیا ہے جبکہ اسی ماہ کے آخر تک اس کام کو مکمل کر لیا جائے گا۔اجلاس میں وزیرِ خزانہ شوکت ترین، وقار مسعود،شہباز گل، صدر نیشنل بینک عارف عثمانی و متعلقہ افسران شریک تھے ۔اس کے علاوہ کورونا ویکسی نیشن مہم کے حوالے سے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا بروقت ویکسین لگوانے اور ایس او پیز پر عملدرآمد سے کورونا وائرس کی وبا پر قابو پایا جا سکتا ہے ، عوام کا رضا کارانہ طور پر ویکسین لگوانا خوش آئند ہے جس کی نظیر ترقی یافتہ ممالک میں بھی کم ہی ملتی ہے ، ہندوستان جیسی صورتحال سے بچنے کیلئے اداروں اور عوام کو مل کر کورونا وائرس کی وبا سے بچاؤ کیلئے اقدامات کو یقینی بنانا ہوگا۔اجلاس کو بتایا گیا کہ وزارتِ تعلیم کے تحت سرکاری اور غیر سرکاری اداروں کے پچاس فیصد سے زیادہ ملازمین کی ویکسی نیشن مکمل کر لی گئی ہے ۔اجلاس میں وفاقی وزرا شیخ رشید ، اسد عمر، حماد اظہر، اعظم سواتی، معاونینِ خصوصی ڈاکٹر فیصل سلطان اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی ۔دوسری جانب وزیراعظم عمران خان سے سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے ملاقات کی ، جس میں پارلیمانی اور قانون سازی سے متعلقہ امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیاگیا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں