بہتر اور متوازن بجٹ پیش کیاگیا ، اپوزیشن کو سیاست چمکانا زیب نہیں دیتا : بزدار
اپوزیشن نے پارلیمانی روایات کی دھجیاں اڑائیں،میڈیاسے گفتگو،پنجاب کابینہ نے بجٹ کی منظوری دیدی بجٹ آسانی سے منظورہوجائیگا،وزیراعلیٰ،پرویزالٰہی سے ملاقات،نئی عمارت میں بجٹ سیشن پرمبارکباد
لاہور(سیاسی رپورٹرسے )وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدارنے کہا ہے کہ اپوزیشن نے بجٹ تقریر کے دوران ہنگامہ آرائی کرکے غیر جمہوری اور غیر پارلیمانی اقدام کیا ہے ، اپوزیشن نے غیر سنجیدہ رویہ اختیار کرکے پارلیمانی روایات کی دھجیاں اڑائیں۔ بجٹ اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا اپوزیشن کا رویہ نا مناسب اور غیر ذمہ دارانہ رہا۔ اپوزیشن کو بجٹ پر سیاست چمکانا زیب نہیں دیتا۔ بجٹ حقیقت پسندانہ ترقیاتی اہداف پر مبنی ہے اور یہ ماضی کی حکومت کی طرح اعداد وشمار کی جادوگری نہیں۔ تاریخ میں پہلی بار ترقیاتی بجٹ میں 66 فیصد اضافہ کیا گیا ۔ انہوں نے کہا موجودہ حالات میں اس سے بہتر، متوازن اور ریلیف کا حامل بجٹ پیش نہیں کیا جاسکتا۔ عثمان بزدارنے پنجاب اسمبلی کے بجٹ سیشن میں شرکت کی۔ وزیراعلیٰ نے صوبائی وزیر خزانہ ہاشم جواں بخت کو متوازن اور ریلیف بجٹ پیش کرنے پر مبارکباد دی۔ قبل ازیں وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی زیرصدارت صوبائی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں نئے مالی سال 2021-22 کے بجٹ تجاویز کی منظوری دی گئی۔ وزیراعلیٰ نے زرعی ٹیکس میں اضافے کی تجویز کو رد کردیا۔ عثمان بزدار نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کسان پر کوئی بوجھ نہیں ڈالا جائے گا۔ صوبائی کابینہ نے ورکرز کی کم از کم اجرت 17500سے بڑھا کر 20 ہزار روپے کرنے کا فیصلہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا بجٹ آسانی سے منظور ہو جائے گا۔ عثمان بزدار سے پنجاب اسمبلی کی نئی عمارت میں ان کے چیمبر میں سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالہٰی نے ملاقات کی۔ عثمان بزدار نے انہیں نئی عمارت میں پہلے بجٹ سیشن کے انعقاد پر مبارکباد دی۔ عثمان بزدار سے لاہور پریس کلب کے صدر ارشد انصاری نے بھی ملاقات کی۔ عثمان بزدارنے کوئٹہ میں ایف سی اہلکاروں پر حملے کی شدید مذمت کی ہے ۔